کم عمر سپاہی بھرتی کرنے کی امریکی فہرست کو پاکستان اور ترکی نے مسترد کردیا

  • ہفتہ 03 / جولائی / 2021
  • 5660

پاکستان کے بعد ترکی کی وزارت خارجہ نے بھی انسانی اسمگلنگ سے متعلق امریکی رپورٹ کو مسترد کردیا ہے۔ اس امریکی فہرست میں دونوں ملکوں پر کم عمر سپاہی بھرتی کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

ترکی کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے ترکی دعوے کو مسترد کرتا ہے۔ اس کا ریکارڈ صاف ہے۔ بیان میں واشنگٹن پر ’دوہرے معیار اور منافقت‘ کا بھی الزام لگایا گیا ہے اور شام میں کرد عسکریت پسندوں کی امریکی حمایت کو مسترد کیا ہے۔  بیان میں اقوام متحدہ کی رپورٹ کا حوالے سے بتایا گیا ہے کہ  شامی ڈیموکریٹک فورسز کم عمر سپاہیوں کو بھرتی لرتی ہیں اور ان کا استحصال کیا جاتا ہے۔

امریکا نے پاکستان اور ترکی کو چائلڈ سولجرز پروینشن ایکٹ (کم عمر سپاہیوں کی فوج میں بھرتی) کی فہرست میں شامل کیا ہے جس کے نتیجے میں فوجی امداد اور امن پروگراموں میں شرکت کے حوالے سے سخت پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔  یہ پہلا موقع تھا جب کسی نیٹو اتحادی کو اس طرح کی فہرست میں رکھا گیا تھا۔

یو ایس چائلڈ سولجرز پریوینشن ایکٹ (سی ایس پی اے) کے تحت سالانہ بنیادوں پر غیر ملکی حکومتوں کی ایک فہرست شائع کی جاتی ہے جس میں پچھلے سال (یکم اپریل 2020 سے 31 مارچ 2021) کے دوران کم عمر سپاہیوں کو بھرتی یا استعمال کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جن اداروں کا جائزہ لیا گیا ان میں مسلح افواج، پولیس، دیگر سیکیورٹی فورسز اور حکومت کا تعاون کرنے والے مسلح گروپ شامل ہیں۔

2021 کی کم عمر سپاہیوں کی فوج میں بھرتی کرنے والے ممالک کی فہرست میں افغانستان، برما، کانگو، ایران، عراق، لیبیا، مالی، نائیجیریا، پاکستان، صومالیہ، جنوبی سوڈان، شام، ترکی، وینزویلا اور یمن کی حکومتیں شامل ہیں۔

گزشتہ روز پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس رپورٹ کی اشاعت سے قبل امریکا نے کسی بھی سرکاری ادارے سے مشاورت نہیں کی اور نہ ہی کوئی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں جس کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کیا گیا۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان نے نہ تو کسی غیر ریاستی مسلح گروہ کی حمایت کی اور نہ ہی کسی ادارے نے کم عمر فوجی جوانوں کو بھرتی یا ان کا استعمال کیا۔ دہشت گرد تنظیموں سمیت غیر ریاستی عناصر اور مسلح گروہوں کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کیا گیا ہے۔  پاکستان قومی اور بین الاقوامی سطح پر اس لعنت سے لڑنے کے لیے پرعزم ہے۔

دفتر خارجہ کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ہم نے پچھلے ایک سال کے دوران اس سلسلے میں قانون سازی کی اور انتظامی اقدامات اٹھائے ہیں جس میں کم عمر افراد کی انسانی اسمگلنگ، جبری بھرتی اور مہاجرین کی اسمگلنگ کے خلاف ایکٹ، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی  اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے امریکا میں متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹی آئی پی رپورٹ میں کی جانے والے بے بنیاد دعوؤں خصوصاً کم عمر نوجوان کی فوج میں بھرتی کی فہرست میں پاکستان کی غیرضروری شمولیت پر نظرثانی کرے۔ پاکستان توقع کرتا ہے کہ انسانی اسمگلنگ، جبری بھرتی اور کمر عمر نوجوانوں کو استعمال کرنے والے مسلح گروہوں کی حمایت کے سلسلے میں الزامات پر بھی 'معتبر معلومات' فراہم کی جائے گی۔