غریبوں کی فلاح کے لئے کامیاب پاکستان پروگرام کا آغاز

  • اتوار 04 / جولائی / 2021
  • 4360

حکومت نے رواں ماہ میں کامیاب پاکستان پروگرام متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 40 لاکھ گھرانوں کو متعدد اسکیمز کے تحت معاونت فراہم کی جائے گی۔

یہ پروگرام آئندہ انتخابات سے قبل حکومت کی جانب سے معاشرے کے غریب طبقے کے لیے اٹھائے گئے بڑے اقدامات میں سے ایک  ہے۔ روزنامہ ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ہم نے اس پروگرام کے ہر پہلو کو حتمی شکل دے دی ہے اور اسے جولائی کے وسط میں متعارف کروایا جائے گا۔

پروگرام کے چند پہلوؤں سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس کا مقصد عوام کو رہائشی منصوبوں، ہنر کی تربیت، صحت کارڈ، کاروبار اور زرعی کاموں کے لیے بلاسود قرضے فراہم کرنا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اہداف ایک سال میں نہیں بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ حاصل کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مالی سال 22-2021 کے دوران تقریباً 3 کھرب سے 4 کھرب روپے کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے ۔ بلاسود قرضوں کے لیے سبسڈی کی رقم مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں مختص کی جاچکی ہے۔ 'کامیاب جوان پروگرام' اس منصوبے کا ہی حصہ ہوگا۔

ٹیکس بیس کو بڑھانے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ 72 لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے جسے جلد حتمی شکل دی جائے گی اور کسی ٹیکس دہندہ کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ رواں مالی سال میں پوائنٹ آف سیل پروگرام کو زیادہ سے زیادہ تاجروں تک پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب اقتصادری مشاورتی کونسل (ای اے سی) کے اجلاس میں وزیر خزانہ نے مستحکم اور مجموعی اقتصادی نمو کے حصول کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دہائیوں کے بعد ای اے سی کی تشکیل نو کی ہے، جس کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے پائیدار معاشی نمو کے لیے ٹھوس تجاویز مرتب کرنا ہے۔