امریکی فوجی بغیر بتائے، رات کی تاریکی میں بگرام ایئر بیس خالی کرگئے: افغان فوجی حکام

  • منگل 06 / جولائی / 2021
  • 4390

افغان فوج کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے بگرام ایئربیس رات کی تاریکی میں خالی کیا اور اس ضمن میں بیس کے مقامی کمانڈر تک کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ انہیں دو گھنٹے بعد امریکی اہلکاروں کے جانے کا علم ہوا۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق افغان جنگ میں لگ بھگ 20 سال تک امریکہ کے زیرِ استعمال رہنے والی بگرام ایئربیس کے نئے کمانڈر جنرل میر اسد اللہ کوہستانی نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے روانگی کے وقت فوجی اڈے کی بجلی بھی بند کر دی تھی۔ امریکی فوج نے بیس پر 35 لاکھ اشیا چھوڑی ہیں جن میں پانی کی ہزاروں بوتلیں، مشروبات اور تیار خوارک کے پیکٹس شامل ہیں۔

امریکہ نے جمعے کو بگرام ایئربیس خالی کر دیا تھا۔ فوجیوں کی آخری کھیپ وہاں سے منتقل ہو گئی تھی۔ بعدازاں پیر کو افغان فوج نے اس اڈے کے وسیع حصے کا معائنہ کیا تھا۔ بیس کے نئے افغان کمانڈر کے بقول، "ہم نے کچھ افواہیں سنی تھیں کہ امریکیوں نے بگرام چھوڑ دیا ہے اور جب جمعے کی صبح سات بجے وہاں پہنچے تو اس بات کی تصدیق ہوئی کہ بیس کو پہلے ہی خالی کیا جا چکا تھا۔"

افغان فوجی اہلکاروں کی جانب سے امریکہ کے بگرام ایئربیس چھوڑنے کے طریقہ کار پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ ایک افغان اہلکار نعمت اللہ نے کہا کہ جس انداز میں فوجی اڈے کو خالی کیا گیا ہے امریکہ نے 20 سال کے دوران بنائی جانے والی اپنی ساکھ ایک ہی رات میں کھو دی ہے۔ ان کے بقول امریکہ نے افغان فوجیوں کو بتائے بغیر بیس خالی کیا اور ان افغان اہلکاروں کو بھی اس کا علم نہیں تھا جو فوجی اڈے کے باہر سیکیورٹی پر مامور تھے۔

ایک اور اہلکار رؤف کا کہنا تھا کہ جمعے کو امریکیوں کے جانے کے 20 منٹ میں بجلی بند ہو گئی تھی اور اڈہ تاریکی میں ڈوب گیا تھا جس کے بعد وہاں مقامی افراد نے لوٹ مار شروع کر دی تھی۔ امریکی فوج کے ترجمان کرنل سونی لیگیٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نے انخلا سے متعلق افغانستان کے رہنماؤں سے رابطہ کیا تھا اور اس سلسلے میں انہوں نے گزشتہ ہفتے کے بیان کا حوالہ بھی دیا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ جو بائیڈن کی جانب سے افغانستان سے فوجی انخلا کے اعلان کے کچھ عرصے بعد سے ہی ہوائی اڈے سے منتقلی کا عمل شروع کر دیا تھا۔ امریکہ نے گزشتہ جمعے اعلان کیا تھا کہ افغانستان سے فوجی انخلا کے حتمی مرحلے میں اس نے افغانستان میں اپنے سب سے بڑے اڈے کو خالی کر دیا ہے۔