نواز شریف کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر ہے: آصف علی زرداری

  • بدھ 07 / جولائی / 2021
  • 6460

پاکستان پیپلز پارٹی  کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر ہے۔ کسی کو ملک آنے کا مشورہ نہیں دیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکا کے حوالے سے سوال کے جواب میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ’اسے ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے امریکا جانا ہے‘۔ پاکستان تحریک انصاف  کے اقتدار میں رہنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی اقتدار میں نہیں ہے، اگر آپ کو نظر آتی ہے تو بتادیں‘۔

بیماری میں بھی عدالتوں کا سامنا کرنے پر دیگر کو بھی عدالتوں کا سامنا کرنے کی تجویز دینے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کسی کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ ’ہم کسی کو مشورہ نہیں دیں گے، ملک واپس آنا چاہیں تو بہتر نہ آنا چاہیں تو مرضی‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’نواز شریف کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر ہے‘۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’آئندہ حکومت بلاول بھٹو زرداری کی دیکھ رہا ہوں‘۔ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں ہمیشہ جو ہوتا ہے وہی ہوگا، ہماری پارٹی کشمیر کے لیے 50 سال سے لڑ رہی ہے۔

سلیکٹرز کے لیے پیغام دینے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس ہی ملک میں رہتا ہوں، سلیکٹرز کو آپ کے ذریعے کیوں پیغام دوں۔ واضح رہے کہ آصف علی زرداری نیویارک اپارٹمنٹ کی تحقیقات کے معاملے پر ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تھے۔

سابق صدر کی درخواست پر عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 28 جولائی تک کی ضمانت منظور کی۔