پاکستان کورونا سے نمٹنے والے بہترین ممالک میں شامل، وزیراعظم کی توصیف

  • بدھ 07 / جولائی / 2021
  • 6610

امریکی جریدے دی اکنامسٹ نے کورونا وائرس کو بہترین طریقے سے قابو کرنے والے ممالک کی درجہ بندی میں پاکستان کو شامل کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر، احساس پروگرام اور اسٹیٹ بینک کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

دی اکنامسٹ کی فہرست میں 3 کیٹیگریز میں 8 اشاریوں کی بنیاد پر وبا سے پہلے کی زندگی کی جانب لوٹنے کے لیے 50 ممالک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ فہرست میں ہر ملک کو 100 میں سے اسکور دیا گیا جو عالمی وبا سے قبل کی سرگرمیوں کی سطح کا بینچ مارک اسکور ہے، جس میں پاکستان کا موجودہ اسکور 84.4 ہے اور یہ ٹریکر ہر ہفتے اپڈیٹ کیا جاتا ہے۔

اس وقت اس درجہ بندی میں ہانک کانگ 96.3 کے اسکور کے ساتھ سرِ فہرست اور اس کے بعد 87.8 کے اسکور کے ساتھ نیوزی لینڈ ہے جبکہ پاکستان تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس درجہ بندی کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'این سی او سی اراکین، احساس ٹیم اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو عالمی وبا کووِڈ 19 کے مؤثر ردِ عمل پر مبارکباد اور سب سے زیادہ شکر اللہ تعالی کی مہربانی کا ہے'۔

دیگر ممالک میں چین کو 72.9 اسکور کے ساتھ 19واں درجہ ملا اور بھارت جو کہ کورونا وائرس کی ڈیلٹ قسم کے تباہ کن پھیلاؤ سے نبرد آزما تھا وہ 46.5 کے اسکور کے ساتھ 48ویں نمبر پر موجود ہے۔ دوسری جانب جنوبی کوریا اور کولمبیا صفر اسکور کے ساتھ فہرست میں سب سے نیچے ہیں۔

دی اکنامسٹ کے مطابق اس فہرست میں دنیا کی 50 بڑی معیشتیں شامل ہیں جو عالمی جی ڈی پی (مجموعی ملکی پیداوار) کا 90 فیصد اور دنیا کی آبادی کا 76 فیصد ہے۔ ان ممالک نے 3 کیٹیگریز میں 8 اشاروں کی بنیاد پر 100 میں سے اسکور حاصل کیا، پہلی کیٹیگری میں ٹرانسپورٹ اور سفر بشمول بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ، ان شہروں میں ٹریفک کا رش اور ملکی و غیر ملکی پروازوں کی تعداد شامل ہے۔