تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ: وزیر داخلہ

  • جمعرات 08 / جولائی / 2021
  • 7520

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزرات داخلہ نے تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کو ایلین کارڈ پر بینک اکاؤنٹ کھولنے، کاروبار کرنے، سسم کارڈ خریدنے اور سفری سہولتیں میسر ہوگی‘۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگر ان کا ویزا ختم ہوجائے تو وہ بھی وزارت داخلہ سے رابطہ کرکے اجازت حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ وزارت داخلہ نے تمام غیرملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ ہم نے حالیہ دنوں میں ایک افغان گروہ گرفتار کیا جو جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث تھا، ہماری کوشش ہے کہ جو صورتحال بن رہی ہے اس میں ہر غیرملکی کا اندراج ہو۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ تمام ویزے آن لائن کردیے گئے ہیں اور کابینہ سے ویزا کی اجازت آجاتی ہے اور اگر 30 دن کے اندر کوئی جواب نہ آئے تو ویزا جاری کردیا جائے گا

انہوں نے بارڈر مینجمنٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ چمن بارڈر کو یکم سے الیکٹرانک کر دیں گے جبکہ این سی او سی طورخم سرحد ان لوگوں کے لیے کھولی جارہی ہے جن کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کا معاملہ رواں ہفتے کابینہ میں چلا جائے گا، اگر کابینہ انہیں کالعدم قرار دیتی ہے تو تنظیم کالعدم ہوجائے گی۔