آزاد کشمیر انتخابات کے بعد حکومت، اپوزیشن کے تعلقات بہتر ہوجائیں گے: شیخ رشید
- اتوار 11 / جولائی / 2021
- 4100
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے مابین تعلقات میں بہتری آئے گی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف اپنی مدت پوری کرے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کے امریکا سے متعلق بیانات کا ان کے دور اقتدار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے حکومت اور اپوزیشن کے مابین تعلقات میں بہتری سے متعلق بیان کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن خیال کیا جارہا ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر میں جاری انتخابی مہم کے دوران دونوں فریقین کے مابین لفظی جنگ کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک مردہ گھوڑا ہے۔ وہ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
شیخ رشید نے کہا کہ حزب اختلاف نے وزیر اعظم عمران خان کو کوئی چیلنج نہیں دیا کیونکہ وہ ملک کی خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں اور اپنی مدت پوری کریں گے۔ حکومت شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے مناسب انداز میں قوم کے سامنے مسئلہ کشمیر کو اٹھایا، ان سے پہلے کسی نے بھی اس مسئلے کو اتنی طاقت سے اجاگر نہیں کیا تھا۔
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی تک بھارت سے مذاکرات نہیں کرے گا۔ افغانستان کی صورتحال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کو اپنی سرزمین کو علاقائی امن کو خراب کرنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ اسلام آباد، افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور اپنے ملک کے مستقبل کے بارے میں اپنے عوام کی جانب سے کسی بھی فیصلے کو قبول کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سول اور عسکری قیادت ہمسایہ ملک میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے افغان حکومت اور طالبان دونوں کو ایک میز پر لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دفتر خارجہ کوشش کر رہے ہیں۔
طورخم میں پھنسے ہوئے لوگوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ صرف وہی لوگ جن کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے، انہیں سرحد عبور کرنے کی اجازت ہوگی۔