کشمیر کا مقدمہ کمزور نہیں، پاکستان کا وکیل عمران خان کمزور ہے: مریم نواز
- منگل 13 / جولائی / 2021
- 2680
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ کمزور نہیں ہے، کمزور ہے تو پاکستان کا جعلی وکیل جس کا نام عمران خان ہے۔
آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج شہیدوں کا دن ہے تو آؤ، آج سب مل کر شہدا کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کریں۔ آؤ وعدہ کریں کہ شہدا کی قربانیوں کو کسی عمران خان کشمیر فروش کے ہاتھوں ضائع ہونے نہیں دیں گے۔ پاکستان میں چوری کے ووٹوں سے بننے والا جعلی وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کی ڈھٹائی دیکھو کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینکنے کے بعد کشمیر میں ووٹ مانگنے آ رہا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو مقدمہ کمزور نہیں ہے، کمزور ہے تو پاکستان کا جعلی وکیل ہے، جس کا نام عمران خان ہے۔ ہر جگہ ایک ہی نعرہ سننے کو ملتا ہے، گوعمران گو۔ لوگ عمران خان کے کشمیر کی دھرتی پر پاؤں رکھنے سے پہلے کہہ رہے ہیں گو عمران گو۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا کہ پاکستان کا مقدمہ کمزور نہیں ہے، اگر کمزور ہے تو پاکستان کا مسلط شدہ وکیل عمران خان کمزور ہے۔ وہ نہ صرف کمزور ہے بلکہ نہایت بزدل انسان ہے۔