تحریک لبیک پاکستان پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ
- منگل 13 / جولائی / 2021
- 5780
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر عائد پابندی پر تنظیم کی جانب سے نظر ثانی کی درخواست پر غور کرنے کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کی رپورٹ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ اس تنظیم پر پابندی میرٹ پر کی گئی تھی۔
وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹی ایل پی پر عائد پابندی برقرار رکھی جائے گی۔ اس تنظیم پر پولیس والوں کو شہید کرنے، علاقائی فورسز پر تشدد کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے اس تنظیم کا انتخابی نشان منسوخ کرنے کے لیے اقدامات وفاقی وزارت قانون اور اٹارنی جنرل کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں 2 کروڑ لوگ پاکستان میں ویکسینیشن کرواچکے ہیں، اس وقت کراچی اور خیبر پختونخوا میں کیسز بڑھے ہیں اور ہمیں اس کے خلاف جنگ جاری رکھنی ہوگی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سازشی عناصر سے دور رہیں اور ویکسین لگواکر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کی حفاظت کریں۔
وزیر اطلعات نے بتایا کہ پوری دنیا سے سینکڑوں پاکستانی قیدی رہا ہوکر پاکستان آئے ہیں، مزدور طبقے کے لیے یہ بہت بڑی خوش خبری ہے۔ مزید پاکستانی جو سنگین جرائم میں ملوث نہیں ہیں انہیں بھی پاکستان لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2 سالوں سے فوج کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا تھا۔ کابینہ نے پاک فوج کے لیے بنیادی تنخواہ پر 15 فیصد الاؤنس کی منظوری دی ہے۔ افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان افغانستان کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، یہاں 30 لاکھ افغان مہاجرین پہلے ہی ہیں۔ دنیا کوچاہیے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان میں ایسے حالات ہوں کہ افغانوں کو وہاں سے ہجرت نہ کرنا پڑے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے اپنے سابق تجربات سے سیکھ کر ایک جامع پالیسی بنائیں، چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن آئے اور اس کے لیے عالمی مدد درکار ہے۔