سابق صدر ممنون حسین انتقال کر گئے
- بدھ 14 / جولائی / 2021
- 7140
سابق صدر پاکستان ممنون حسین انتقال کر گئے ہیں۔ان کے انتقال پر وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور صدر عارف علوی سمیت دیگر اہم شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سابق صدر کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ ممنون حسین دو ہفتوں سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ اہل خانہ کے مطابق وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور آج خالق حقیقی سے جاملے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ایک ٹویٹر بیان میں کہا کہ سابق صدر پاکستان ممنون حسین کی وفات پر دِلی افسوس ہوا ہے۔ وہ مخلص شخص تھے جنہوں نے پوری ایمانداری کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطافرمائے۔ آمین
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹویٹر پر اللہ تعالی سابق صدر پاکستان ممنون حسین کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سابق صدرِ پاکستان ممنون حسین کےانتقال کا سن کر افسردہ ہوں۔ملک کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگواران کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کا حوصلہ عطا ہو۔
صدر عارف علوی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی سابق صدر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ ممنون حسین 2013 سے 2018 تک پاکستان کے صدر رہے اور ان کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ ممنون حسین پاکستان کے بارہویں صدر رہے۔ وہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر تھے۔
ممنون حسین 1940 میں بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان نقل مکانی کرکے پاکستان آ گیا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے گریجویٹ کیا۔ 1993 میں جب پاکستان کے سابق صدر غلام اسحاق خان نے نواز شریف کی حکومت برطرف کی تو ان دنوں میں ممنون حسین شریف برادران کے قریب پہنچے اور بعد میں وہ مسلم لیگ سندھ کے قائم مقام صدر سمیت دیگر عہدوں پر فائز رہے۔ ممنون حسین 1997 میں سندھ کے وزیر اعلیٰ لیاقت جتوئی کے مشیر رہے، 1999 میں انہیں گورنر مقرر کیا گیا مگر صرف چھ ماہ بعد ہی میاں نواز شریف کی حکومت کا تخہ الٹ گیا اور وہ معزول ہو گئے۔