پاکستان میں 17 سے 19 جولائی تک افغان امن کانفرنس ہوگی: ترجمان دفترخارجہ

  • جمعرات 15 / جولائی / 2021
  • 4900

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان 17 سے 19 جولائی تک افغانستان پر امن کانفرنس کی میزبانی کرے گا اور افغان قیادت نے شرکت کی یقین دہائی کروا دی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان 17 سے 19 جولائی تک افغانستان پر امن کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔ افغان قیادت اور دیگر رہنماؤں کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ افغان قیادت نے کانفرس میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے افغانستان میں دیرپا قیام امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے، افغانستان میں سیکیورٹی کے معمولی خلا کو دہشت گرد عناصر اور دیگر قوتیں پاکستان کے خلاف استعمال کر سکتی ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مزید افغان مہاجرین کی میزبانی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ خطے کے ربط، ترقی اور خوش حالی کے لیے پرامن افغانستان کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سیکیورٹی امور کا حتمی فیصلہ صرف افغان کریں گے۔ افغانستان کے مسئلے کا حل افغانوں نے ازخود تلاش کرنا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان ازبکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ازبکستان جائے گا جہاں مختلف علاقائی، باہمی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کا ازبک بزنس فورم سے خطاب بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

داسو میں ہونے والے بس حادثے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بس حادثے کو دہشت گردی کے زاویے سے بھی دیکھا جا رہا ہے، ممکنات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔