داسو واقعے میں بارودی مواد کے استعمال کی تصدیق ہوگئی: فواد چوہدری
- جمعرات 15 / جولائی / 2021
- 5830
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ داسو واقعے کی ابتدائی تفتیش میں بارودی مواد کے استعمال کی تصدیق ہوگئی ہے۔
ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے انکار نہیں کیا جاسکتا، وزیر اعظم ذاتی طور پر اس حوالے سے تمام پیشرفت کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں حکومت چینی سفارتخانے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ ہم مل کر دہشت گردی کے لعنت سے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چین کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر ایک بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو بتایا تھا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے قریب بس سانحہ کی ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ واقعہ کسی دہشت گردی کا نتیجہ نہیں ہے۔
بیان کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے سانحہ، دہشت گردی کا واقعہ ہونے کی صورت میں قصورواروں کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور سخت سزا دینے پر زور زور دیا۔ تاہم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ واقعہ دہشت گرد حملہ نہیں تھا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ کے قریب حملے میں 9 انجینئرز، دو فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکاروں سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ عہدیداروں کی ابتدائی اطلاعات میں تضاد نظر آیا تاہم وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسے ایک 'بزدلانہ حملہ' قرار دیا اور کہا تھا کہ اس سے ’پاکستان اور اس کے ہمسایہ ممالک کے درمیان خصوصی اقدامات سے توجہ نہیں ہٹ سکتی‘۔