پاکستان کو عظیم قوم بنانا چاہتا ہوں: عمران خان

  • اتوار 18 / جولائی / 2021
  • 5510

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ دنیا بھر میں پاکستان کے ہرے پاسپورٹ کی عزت ہو اور ہم ایک عظیم قوم بنیں۔

میر پور خاص میں جلسے سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ریاست کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا تو میں بڑا حیران ہوا کہ ان کو کوئی فکر نہیں تھی کہ پاکستان کیا کرے گا اور میرے ذہن میں آیا کہ پاکستان چپ رہے گا جس طرح پہلے تھا، جب مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنز اور ماورائے عدالت قتل ہوتے تھے تو پاکستان سے کوئی نہیں بولتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری ایک سیکریٹری خارجہ کا بیان ہے کہ نواز شریف کا حکم تھا کہ بھارت پر کوئی تنقید نہیں کی جائے گی، جب وہ بھارت گیا تو حریت کے لیڈر سے اس لیے نہیں ملا کہ نریندر مودی ناراض نہ ہوجائے۔ مودی غلط فہمی میں تھا کہ جس طرح نواز شریف کے دور میں پاکستان چپ کرکے بھارت سے ڈر کر کچھ بولتا نہیں تھا تو 5 اگست کو بھی پاکستان چپ کرکے ہضم کر جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میں ایک آزاد انسان ہوں، جب آپ کہتے ہیں اللہ کے علاوہ کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا تو ساری زنجریں ٹوٹ جاتی ہیں اور اس کو کسی کا خوف نہیں ہوتا اور وہ سمجھتا ہے کہ کوئی ذلیل نہیں کرسکتا ہے۔ آزاد انسان کبھی کسی کی غلامی نہیں کرتا۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے کشمیر کا کیس پوری دنیا میں اٹھایا، اقوام متحدہ میں 50 سال بعد کشمیر کا مسئلہ اٹھایا گیا، کشمیر کا نام اس لیے نہیں لیا کہ ووٹ چاہیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کشمیری مسلسل جدوجہد میں رہے اور ہار نہیں مانی، ایک لاکھ کشمیری شہید ہوچکے ہیں لیکن ہار نہیں مانی، بچپن سے میں نے فیصلہ کیا تھا کہ اللہ جب بھی تو نے مجھے موقع دیا میں کشمیر کا کیس ساری دنیا میں لڑوں گا اور میں نے ہر فورم پر لڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی اور ہوتا تو گھٹنے ٹیک دیتا لیکن کشمیری قوم ایک اللہ کو ماننے والی قوم ہے، جس طرح انہوں نے مقابلہ کیا، جس پر میں ان کو پیغام دیتا ہوں کہ آپ نہ صرف پاکستانیوں کا سر فخر بلند کیا بلکہ فلسطین کے لوگ جن پر اسرائیل نے ظلم کیا وہ بھی آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں اور آپ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا وعدہ ہے کہ ایمان والوں کے لیے ہر مشکل کے بعد آسانی پیدا کرتا ہوں، یہ کشمیریوں کے لیے خوش خبری ہے۔ ان شاللہ وہ دن دور نہیں کیونکہ بھارت نے جو کرنا تھا وہ کرلیا، ساری دنیا نے دیکھ لیا، یہ جو کشمیر کا جغرافیہ بدلنا چاہتے ہیں لیکن میں کہتا ہوں وہ ناکام ہوں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ووٹ میں کبھی دوستی، خاندان یا قبیلہ کا نہ سوچیں، اس طرح ہمارا ملک کبھی ترقی نہیں کرے گا۔ 25 تاریخ کو دوستیوں اور رشتہ داریوں سے بالاتر ہونا اور نظریے کو ترجیح دینا۔ وسائل کی وجہ سے لوگ امیر یا غریب نہیں ہوتے، جس ملک میں قانون اور انصاف ہوتا ہے اور جس ملک کے حکمران قانون کے نیچے ہوتے ہیں وہ ملک خوش حال ہوتے ہیں۔

بھمبر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے عوام کو میں چاہتا ہوں کہ ہمارا ملک وہ ایک عظیم قوم بنے، دنیا میں ہمارا کوئی بھی شہری ہمارا پاسپورٹ لے کر نکلے تو دنیا کہے کہ یہ دیکھیں پاکستانی آرہا ہے۔ ہرے پاسپورٹ کی عزت ہو، ہم ایک عظیم قوم بنیں۔ ایک انسان جب شریعت پر چلتا ہے تو بڑا انسان بن جاتا ہے، ایک قوم جب ان (بنی ﷺ) کی سنت اور مدینے کی ریاست کے اصولوں پر چلتی ہے تو عظیم قوم بنتی ہے تو میں چاہتا ہوں کہ ہماری قوم عظیم قوم بنے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم بدقسمتی سے جو غلط راستے پر چلے گئے تھے، بھیک مانگ کر، قرضے لے کر گزارا کرنا، امداد لے کر دوسروں کی جنگوں میں شامل ہونا، اپنے لوگوں کا نقصان کرنا، اپنی عزت کھونا، کوئی بھیک مانگنے اور قرضہ مانگنے والے کی عزت نہیں کرتا، آپ آزما کر دیکھیں۔ انسانوں کے سامنے جو ہاتھ پھیلاتا ہے کوئی اس کی عزت نہیں کرتا، نہ اس ملک کی عزت کرتا ہے، جو اپنے پیر پر کھڑا نہیں ہوتا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے عظیم قوم بننا ہے، ہم نے اپنے آپ کو بدلنا ہے اور اپنے ملک کو بھی بدلنا ہے. اپنے آپ کو کیسے بدلنا ہے، سچ بولنا ہے، امانت دار ہونا ہے، اس انسان کی عزت کی جاتی ہے جس کو وہ سمجھتے ہیں کہ بڑا سچا آدمی اور انصاف کرنے والا ہے، لوگ انصاف کروانے کے لیے اس کے پاس جاتے ہیں۔