فیٹف پر سیاست کا بھارتی اعتراف سے پاکستان کا مؤقف درست ثابت ہوگیا: دفتر خارجہ

  • سوموار 19 / جولائی / 2021
  • 5340

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کے بیان نے عالمی مالیاتی نگراں ادارے میں ’بھارت کے منفی کردار‘ کے بارے میں پاکستان کے دیرینہ مؤقف کی توثیق کردی ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا تھا مودی حکومت نے پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ پر برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کوشش کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے وزیر خارجہ کے بیان نے بھارت کے ’حقیقی رنگ‘ اور ’گمراہ کن‘ کردار کو بے نقاب کردیا ہے۔ پاکستان ہمیشہ عالمی برادری کو بھارت کے ایف اے ٹی ایف میں سیاست کرنے اور اس کی کارروائی میں رکاوٹیں ڈالنے کے بارے میں بات کرتا رہا ہے۔ حالیہ بھارتی بیان پاکستان کے خلاف ایک اہم تکنیکی فورم کو استعمال کرنے کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جہاں ایکشن پلان پر عمل درآمد کے دوران پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ساتھ مخلصانہ اور تعمیری طور پر مشغول رہا ہے وہیں بھارت نے مذموم اقدامات سے پاکستان کی پیش رفت پر شکوک و شبہات پیدا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

پاکستان ایف اے ٹی ایف اور بین الاقوامی برادری کے نوٹس میں حالیہ ’اعتراف‘ لا کر عالمی برادری کے سامنے بھارت کے کردار کو اجاگر کرتا رہے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اس معاملے میں ’مناسب کارروائی‘ کے لیے مالیاتی نگران ادارے سے رجوع کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔

بیان میں بھارتی حکومت کے حالیہ اعتراف کے بعد بھارت کے مشترکہ گروپ کی شریک صدر کے طور پر ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کا جائزہ لینے پر سوالات کھڑے کردیے ہیں جس پر ہم ایف اے ٹی ایف کو غور کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ انسداد منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی اعانت (اے ایم ایل ۔ سی ایف ٹی) کا مقابلہ کرنے میں ’پاکستان کی پیش رفت‘ کا اعتراف ایف اے ٹی ایف نے کیا ہے۔

ہم اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، بھارت کا پاکستان پر دباؤ ڈالنے کا خیال ہمیشہ ہی ادھورا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ’اختیارات کے ذریعے ایف اے ٹی ایف کے عمل کو سیاسی بنانے سمیت خلفشار کے باوجود پاکستان اپنے لیے بین الاقوامی معیار پر اپنے اے ایم ایل/سی ایف ٹی کے نظام کو لانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور وعدوں کو پورا کرنے کے اپنے عہد کی توثیق کرتا ہے‘۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک روز قبل بھارت کے وزیر برائے امور خارجہ ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ نریندر مودی کی سربراہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی  کی حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی 'گرے لسٹ' میں شامل رہے۔ ایس جے شنکر نے بی جے پی رہنماؤں کے لیے خارجہ پالیسی سے متعلق ورچوئل ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہماری وجہ سے پاکستان ایف اے ٹی ایف کی نظروں میں ہے اور اسے گرے لسٹ میں رکھا گیا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہم پاکستان پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب رہے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے طرز عمل میں تبدیلی آئی ہے جس کی وجہ بھارت کی جانب سے مختلف اقدامات کے ذریعے دباؤ ڈالنا ہے۔