ڈیرہ غازی خان میں بس اور ٹرالر کا تصادم، 33 افراد جاں بحق
- سوموار 19 / جولائی / 2021
- 11580
ڈیرہ غازی خان میں جھوک یار شاہ کے قریب بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 33 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرک ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مجیب میں حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 33 تک پہنچنے کی تصدیق کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ کب ہم بحیثیت قوم یہ احساس کریں گے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جان لیوا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز، لوگوں کی زندگیوں کے امین ہیں، انہیں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ارشاد احمد نے حادثے میں 29 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ زخمی اور جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمز نے انڈس ہائی وے تونسہ روڈ پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا، بدقسمت مسافر بس سیالکوٹ سے راجن پور جا رہی تھی۔
ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ نے بتایا کہ ہسپتال منتقل کیے جانے والے زخمیوں میں سے 4 کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تونسہ میں ہوئے بس حادثے میں مسافروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک ٹوئٹر بیان میں انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں تونسہ روڈ پر ٹریفک کے المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے رابطہ کر کے زخمیوں کے علاج معالجے سے متعلق ہدایات دیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں زائرین کی بس کھائی میں گرنے سے 23 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ قبل ازیں 31 مئی کو پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل کبیر والا میں لاہور سے ملتان جانے والی مسافر بس پل سے نیچے جا گری تھی جس کے نتیجے میں 9 مسافر ہلاک جبکہ 28 زخمی ہوگئے تھے۔