ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان کی حمایت کرتے ہیں: امریکا

  • منگل 20 / جولائی / 2021
  • 5540

امریکا نے کہا ہے کہ وہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کی  کوششوں کو تسلیم اور اس کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستان نے جون 2018 میں متفقہ بین الاقوامی نگرانی کے اصل ایکشن پلان پر ’نمایاں پیشرفت‘ کی ہے۔ ترجمان محکمہ خارجہ کا بیان اس سوال کے تناظر میں تھا کہ بھارت، پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ پر رکھنے کی سازش کررہا ہے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس ضمن میں اپنے خدشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

امریکی عہدیدار نے کہا کہ ٹھیک ہے، آپ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے تحت پاکستان کی ذمہ داریوں کا حوالہ دے رہے ہیں اور ہم تسلیم کرتے ہیں اور ہم ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔  نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایکشن پلان کے 27 میں سے 26 نکات پر اہم پیشرفت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا، پاکستان کو ایف اے ٹی ایف اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کو جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرے گا تاکہ باقی نکات پر عملدرآمد کو مکمل کیا جاسکے۔  ہم پاکستان کو اس کے نئے دوسرے ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد پر زور دیتے ہیں۔

خیال رہے امریکی عہدیدار کی جانب سے مذکورہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا جب بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز میں وزیر برائے امور خارجہ ایس جے شنکر کے حوالے سے کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل رہے۔