ممتاز صحافی عارف نظامی انتقال کر گئے
- بدھ 21 / جولائی / 2021
- 5210
نامور پاکستانی صحافی اور سابق نگراں وفاقی وزیر عارف نظامی انتقال کرگئے ہیں۔عارف نظامی انگریزی اخبار پاکستان ٹوڈے کے بانی و ایڈیٹر اور نوائے وقت اخبار گروپ کے بانی حمید نظامی کے بیٹے تھے۔
عارف نظامی گزشتہ دو ہفتوں سے لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ آج خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔ عارف نظامی نے خاندانی اختلافات کے باعث 2010 میں انگریزی اخبار ‘دی نیشن’ کو خیر باد کہہ کر ‘پاکستان ٹو ڈے’ کی بنیاد رکھی تھی۔
2013 میں عارف نظامی کو نگران وفاقی وزیر برائے اطلاعات و پوسٹل سروسز بنایا گیا اور 2015 میں آپ نجی ٹی وی چینل 24 کے سی ای او بنے جہاں سے آپ ایک پروگرام کی میزبانی بھی کرتے تھے۔
عارف نظامی کے انتقال پر پاکستان کے سیاسی و سماجی اور صحافتی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عارف نظامی کا شمار پاکستان کے ممتاز صحافیوں میں ہوتا تھا۔ وہ انگریزی روزنامے 'پاکستان ٹوڈے' کے بانی و ایڈیٹر تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں اخبارات کے مدیروں کی تنظیم ’کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز‘ (سی پی این ای) کے صدر بھی تھے۔ وہ اس عہدے کے لیے متعدد بار منتخب ہوئے۔
عارف نظامی ’نوائے وقت‘ میڈیا گروپ کے بانی حمید نظامی کے بیٹے تھے۔ پاکستان ٹوڈے کے آغاز سے قبل وہ اسی گروپ کے انگریزی روزنامہ ’دی نیشن‘ کے مدیر رہے۔ عارف نظامی اگرچہ روزنامہ اخبارات کے مدیر رہے لیکن انہوں ںے صحافتی کریئر کا آغاز بطور رپورٹر کیا تھا۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ سینئر صحافی، مدیر اور سیاسی تجزیہ کار عارف نظامی کے انتقال کا سن کر وہ رنجیدہ ہیں۔ ان کی دعائیں اور ہمدردیاں مرحوم کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور دیگر ممتاز شخصیات نے عارف نظامی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔