عمران خان کے بچوں سے متعلق مریم نواز کے بیان پر جمائما کا ردعمل

  • بدھ 21 / جولائی / 2021
  • 8480

وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ  نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے ان کے بچوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیا ہے۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ 2004 میں پاکستان چھوڑنے کے بعد بھی مذہب مخالف حملے جاری ہیں۔ ’مریم نواز شریف نے یہ اعلان کیا ہے کہ میرے بچے یہودیوں کی گود میں پلے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایک دہائی تک میڈیا اور سیاستدانوں کی جانب سے یہود مخالف حملوں، ہفتہ وار قتل کی دھمکیوں اور میرے گھر کے باہر مظاہروں کے بعد 2004 میں پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔

خیال رہے کہ جمائما نے یہ بیان پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے آزاد کشمیر کے جلسے میں دیے گئے ایک بیان کے ردعمل میں جاری کیا ہے جو مریم نواز نے وزیراعظم کے خطاب کے جواب میں دیا تھا۔  وزیراعظم عمران خان نے 18 جولائی کو آزاد کشمیر کے ضلع میر پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کے نواسے جنید صفدر پر تنقید کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ کمزور جیلوں میں جائے اور طاقتور این آر او لے لے اور باہر جاکر بیٹھ جائے اور اپنے پوتے کا پولو میچ دیکھے۔ یہ پوتا جو برطانیہ میں پولو میچ کھیل رہا ہے۔ کشمیر کے کتنے لوگ باہر رہتے ہیں کبھی ان سے پوچھیں کہ وہاں کس طرح کے لوگ پولو کھیلتے ہیں۔ یہ بادشاہوں کا کھیل ہے عام آدمی نہیں کھیل سکتا۔ اس کے لیے بہت پیسہ چاہیے تو اس کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا؟ یہ آپ کا پیسہ ہے جو یہاں سے باہر گیا ہے۔

اسی روز 18 جولائی کو آزاد کشمیر کے علاقے دھیر کوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے اپنے بیٹے پر کی گئی تنقید کا جواب دیا تھا۔  انہوں نے کہا تھا کہ وہ تو آج وہاں کی پولو کی ٹیم کا کپتان بن کر پاکستان کی عزت میں اضافہ کررہا ہے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ وہ پوتا، وہ پوتا نہیں نواسا (جنید) ہے، وہ نواسا باہر جا کر پولو کھیل رہا ہے۔ کہتے ہیں کہ اس کے پاس پولو کے پیسے کہاں سے آئے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں بچوں تک نہیں جانا چاہتی تھی لیکن جیسی بات کریں گے اب منہ توڑ جواب ملے گا۔ وہ نواز شریف کا نواسا ہے، گولڈ اسمتھ کا نواسا نہیں۔ وہ نواز شریف کا نواسا ہے، یہودیوں کی گود میں نہیں پل رہا‘۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے جلسے جاری ہیں جس میں حکومت اور اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے پر تنقید کررہی ہیں۔ واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ ایک برطانوی شہری ہیں جنہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ 1995 میں شادی کی تھی۔

عمران خان اور جمائما خان کی یہ شادی 2004 تک برقرار رہی، جس کے بعد  طلاق ہوگئی۔ عمران خان اور جمائما گولڈ اسمتھ کے 2 بیٹے ہیں، جن میں سے ایک سلیمان عیسٰی خان 1996 میں پیدا ہوئے جبکہ دوسرے بیٹے قاسم خان 1999 میں پیدا ہوئے۔

علیحدگی کے بعد جمائما گولڈ اسمتھ برطانیہ واپس چلی گئیں اور اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ وہیں رہائش پذیر ہیں۔