ویکسین نہ لگوانے والوں کا موبال فون بند کیا جائے: وزیر اعلیٰ سندھ

  • جمعہ 23 / جولائی / 2021
  • 5210

وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے وفاقی سے مطالبہ کیا ہے کہ جو لوگ ویکسین نہ لگوائیں تو ان کی موبائل سم بلاک کردی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کے ذریعے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے فیصلے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خط میں مطالبہ کریں گے کہ پی ٹی اے تمام لوگوں کو پیغام بھیجے کہ وہ ویکسین کروائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ پیغام موصول ہونے کے بعد ایک ہفتے کے دوران ویکسین نہ کروائیں اُن کی موبائل سم بلاک کردی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ عہدیدار کو این سی او سی تک سندھ حکومت کا فیصلہ کمیونیکیٹ کرنے کی ہدایت کی۔ اگلے مہینے سے ان سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ کیا جائے گا جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی۔

اس اقدام پر عمل درآمد کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری فنانس کو اے جی سندھ سے رابطہ کرنے کی ہدایت دے دی۔ بعد ازاں سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹر پر وزیراعلیٰ کے بیان کی توثیق کرتے ہوئے ایک پیغام میں بتایا کہ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ویکسین نہ کراونے والوں کی موبائل فون سم بلاک کرانے کی سفارش کی جائے گی۔

خیال رہے کہ عیدالاضحیٰ سے ایک روز قبل یہ تشویشناک بات سامنے آئی تھی کہ کراچی میں کورونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے اور سرکاری کے علاہ نجی ہسپتالوں نے گنجائش کم پڑنے کی وجہ سے مریضوں کے داخلے سے انکار کرنا شروع کردیا۔

حکومتِ سندھ نے عیدالاضحیٰ سے ایک روز قبل کہا تھا کہ شہر میں کووڈ19 کی صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے اور لوگوں کو خبردار کیا تھا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران احتیاطی تدابیر نظر انداز کرنے کے نتیجے میں حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔

اس وقت پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 25.7 فیصد تک بڑھ گئی تھی جو قومی سطح پر مثبت شرح 5.25 فیصد سے پانچ گنا زیادہ ہے۔