ہمیں معلوم ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کہاں گمشدہ ہوئی تھی: شیخ رشید
- ہفتہ 24 / جولائی / 2021
- 5080
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ انہیں معلوم ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کہاں گمشدہ ہوئی تھیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں، اس پر بات کرنا مناسب نہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف صبح اعلان کریں شام کو وطن واپس لانے کے لیے طیارہ بھیج دوں گا۔ آرمی چیف نے فوج کو احکامات جاری کردیے ہیں کہ کشمیر کے انتخابات میں فوج بھی موجود ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے شک ہے کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) سے زیادہ نشتیں حاصل کرلے گی۔ مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے وہاں سے رونا پیٹنا ڈال رکھا ہے کہ میں بڑی تکلیف میں ہوں، یہ تکلیف آپ کی اپنی پسند کردہ ہے، صبح اعلان کریں شام کو چارٹر طیارہ بھیج دوں گا۔ نواز شریف وطن واپس آئیں انہیں بھرپور سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی، چاہتا ہوں اچھی حالت میں آجائیں اسی میں سب کا فائدہ ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور اس کا خاندان سارا مال لوٹ کر لے گئے ہیں اور قوم کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان کے خلاف اسرائیل اور بھارت نے ہائبرڈ وار کا آغاز کردیا ہے، سوشل میڈیا کہہ رہا ہے کہ آپ را کے ایجنٹوں سے مل رہے ہیں۔ نواز شریف کشمیر میں کیا پیغام دے رہے ہیں، نریندر مودی سے آپ پگڑیاں بدلتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں اجاگر کرے گا اور پاکستان کشمیریوں کے قدم قدم پر ساتھ چلے گا۔ کشمیر میں جو زبان استعمال کی گئی اس سے کشمیریوں کو دل دکھا ہے۔ ساری قوم کو کشمیر آزادی کی جدو جہد میں ایک ہونا چاہیے، کشمیریوں کو توقع ہے کہ پاکستان کشمیر کی آزادی میں یک زباں ہو۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیری قربانی دے رہے ہیں اور آپ میڈیا پر بیان بازی کر رہے ہیں، پاکستان کی ساری سیاست میڈیا پر قید ہوکر رہ گئی ہے، میڈیا سے ہی اگر رہنما بننا ہے تو ریٹنگ کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا لیڈر میں ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کشمیر کمیٹی کے دو سے 3 مرتبہ چیئرمین رہے ہیں اور ان کی کارکردگی کشمیر کے مسئلے پر انتہائی ناقص تھی۔ بلاول بھٹو اور مریم نواز کہہ سکتے ہیں کہ کشمیر میں حکومت بنانے جارہے ہیں تو میرا بھی پورا حق ہے کہ کل شام 7 بجے لال حویلی سے تحریک انصاف کی جیت کا اعلان کروں چاہے ایک ووٹ سے کروں۔
شہباز شریف کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف لاپتا ہیں، وہ بھائی سے ڈرا ہے۔ مریم نواز سیاست کر رہی ہے، بس وہ کبھی تعزیتی بیان دے دیتے ہیں کبھی مبارک باد بس۔
افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے وزیر اعظم عمران خان نے افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا، وہ اغوا نہیں ہوئی۔ لاپتا ہوئی تھی، یہ گمشدگی تھی۔ افغان حکومت آئے، اگر کسی نے کہا تو میں یہ بھی ڈھونڈ نکال سکتا ہوں کہ گمشدگی کہاں پر تھی اور لاپتا کہاں پر ہوئی۔
شیخ رشید کی اس بات پر ایک صحافی نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ آپ کو معلوم ہے تو انہوں نے کہا کہ مناسب نہیں، بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔ وزیر داخلہ نے داسو ڈیم پر کام کے آغاز سے متعلق کہا کہ چین سے پاکستان کی دوستی لازوال ہے۔ داسو ڈیم کا کام جلد مکمل ہوجائے گا۔ چین نے 4 پلاٹون کی درخواست دی ہے ہم وہ بھی فراہم کریں گے۔ بھاشا اور داسو ڈیم پاکستان کی معیشت کا نقشہ بدل دے گا۔