سعودی وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کریں گے

  • سوموار 26 / جولائی / 2021
  • 4550

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر منگل کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس دوران دونوں وزرائے خارجہ دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزرائے خارجہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق دوطرفہ تعاون میں پیشرفت کا جائزہ بھی لیں گے۔ سعودی وزیر خارجہ دورے کے دوران دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔ دورے میں سعودی حکومت کے سینئر حکام پر مشتمل وفد شہزادہ فیصل بن فرحان کے ہمراہ ہوگا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جس کی جڑیں مشترکہ عقیدے، تاریخ اور باہمی حمایت کی مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے تبادلے، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے میں معاون ہو گا۔