پاک فوج نے 46 افغان فوجیوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا: آئی ایس پی آر
- سوموار 26 / جولائی / 2021
- 6580
پاک فوج کی جانب سے افغان نیشنل آرمی اور بارڈر پولیس کے 46 فوجیوں کو پناہ اور محفوظ راستہ دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ارندو، چترال کے پار اے این اے کے ایک مقامی کمانڈر نے 46 فوجیوں کے لیے مدد کی درخواست کی تھی جن میں 5 افسران بھی شامل تھے کیونکہ وہ افغانستان کی بدلتی ہوئی سلامتی کی صوررتحال کی وجہ سے پاک افغان سرحد کے ساتھ چیک پوسٹ کو سنبھال نہیں سکتے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک فوج نے متعلقہ معلومات اور ضروری کارروائیوں کے لیے افغان حکام سے رابطہ کیا ہے۔ افغان فوجی رات دیر گئے چترال کے ارندو سیکٹر پہنچے۔ افغان حکام سے رابطے اور ضروری فوجی طریقہ کار کے بعد 5 افسران سمیت 46 فوجیوں کو پاکستان میں پناہ، محفوظ راستہ دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی جوانوں کو متعین فوجی اصولوں کے مطابق کھانا، رہائش اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ فوجیوں اور افسران کو ضروری طریقہ کار کے بعد باوقار طریقے سے افغان حکومت کو واپس کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس سے قبل روزنامہ ڈان کو بتایا تھا کہ پاکستان نے پاک افغان سرحد کے ساتھ ہی فرنٹیئر کانسٹیبلری، لیویز فورس اور دیگر کو فرنٹ لائن مورچوں سے منتقل کردیا ہے کیونکہ فوج نے ان مورچوں پر کام شروع کردیا ہے۔ اب نیم فوجی دستوں کو تبدیل کرنے کے بعد فوج کے باقاعدہ دستے سرحد کا انتظام سنبھال رہے ہیں‘۔