آنے والی نسل کے لیے بہتر ملک چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں: وزیراعظم
- سوموار 26 / جولائی / 2021
- 6530
وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ملک بھر میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عوام جنگلات کا احاطہ بڑھانے کے لیے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ دیگر علاقائی ممالک کے مقابلے میں ہمارے جنگلات کا رقبہ بہت کم ہے کیونکہ ماضی میں اس معاملے کو نظر انداز کیا گیا۔ ہمیں گلوبل وارمنگ سے لڑنے اور آلودگی کے اثرات کو ختم کرنے کے لیے پاکستان کو سرسبز بنانا ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگر اگلے تین ہفتوں کے دوران ہر فرد کم از کم ایک پودا لگائے تو بہت بڑا انقلاب آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ شہروں میں خالی جگہوں پر پودے لگانے کو یقینی بنائیں۔ ہمارا مقصد آنے والی نسلوں کے لیے بہتر پاکستان چھوڑنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ 10 ارب درختوں کے سونامی منصوبے کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا میں ایک ارب درخت لگانے کے منصوبے کی پوری دنیا میں وسیع پیمانے پر تعریف کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اب ایک سرکردہ ملک کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے جو کاربن کے اخراج کو ریورس کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 9 میں فاطمہ جناح پارک میں پودا لگایا تاکہ عوام کو شجرکاری مہم میں حصہ لینے کی ترغیب ملے۔