پشاور کی کارخانو مارکیٹ میں دھماکا، پولیس اہلکار شہید

  • جمعہ 30 / جولائی / 2021
  • 5120

پشاور کے کارخانو بازار مین پولیس موبائل پر حملہ میں ایک پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا۔

پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی جب اسے نشانہ بنایا گیا۔ جب موبائل پر حملہ ہوا تو اس میں 4 افراد سوار تھے۔ فی الحال دھماکے کی نوعیت کا ندازہ نہیں لگایا جاسکا۔ اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ دستی بم حملہ تھا یا دھماکے کے لیے کوئی اور ڈیوائس کا استعمال کیا گیا۔ دھماکا پولیس کی گاڑی کے اندر ہوا ہے۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت پولیس ٹیم انچارج ابن امین کے نام سے ہوئی ہے۔ اس واقعے میں ایک نامعلوم راہگیر بھی زخمی ہوا تھا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان نے بتایا کہ زخمی شہری کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکار کی لاش کو بھی میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2020 کو بھی پشاور کی دیر کالونی میں جامعہ زبیریہ مدرسہ میں ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 120 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔