بحیرہ عرب میں آئل ٹینکر پر حملہ: اسرائیل نے ایران پر الزام عائد کر دیا

  • ہفتہ 31 / جولائی / 2021
  • 5720

اسرائیل نے ایران پر بحیرہ عرب میں ایک آئل ٹینکر پر حملے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس واقعہ میں عملے کے دو افراد افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ جن میں ایک برطانوی شہری اور ایک رومانیہ کا شہری ہے ۔

لندن کی کمپنی زویڈک میری ٹائم کے ماتحت ایم وی مرکر سٹریٹ نامی یہ ٹینکر جمرات کے روز بحیرہ عرب میں عمان کے ساحل کے قریب تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔ اسرائیلی تاجر عیال اوفر کی زیر ملکیت اس کمپنی نے کہا ہے کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا ہوا۔ جمعے کے روز اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپڈ نے ’ایرانی دہشتگردی‘ کا الزام عائد کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران صرف اسرائیل کا مسئلہ نہیں۔ دنیا کو خاموش نہیں رہنا چاہیے۔  تاہم ایران کی جانب سے ان الزامات پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

یہ واقعہ خطے میں کشیدگی کو جنم دے سکتا ہے اور کچھ اطلاعات ایسی بھی ہیں جن کے مطابق اس واقعے میں ایک ڈرون شامل تھا۔  دوسری جانب برطانوی حکومت کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ وہ حقائق جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم عمان کے ساحل پر ٹینکر واقعے میں مارے جانے والے برطانوی شہری کے عزیزوں کے دکھ میں شریک ہیں۔

اسرائیل اور ایران کے درمیان غیر اعلانیہ روایتی تناؤ میں شدت آ رہی ہے۔ حالیہ کچھ مہینوں میں اسرائیل اور ایران کے بحری جہازوں پر متعدد حملے ہوئے ہیں جن میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے۔ لیکن اس حملے میں ہونے والے جانی نقصان کی وجہ سے شدت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپڈ نے سخت ردعمل پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر اپنے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں اور یہ معاملہ اقوام متحدہ میں لے جایا جائے گا۔ ایران کے ایک چینل پر نامعلوم ذرائع سے یہ خبر چلائی گئی ہے کہ یہ حملہ ایران کے اتحادی شام کے ایک ائیرپورٹ پر اسرائیلی حملے کا بدلہ ہے۔

ایک اسرائیلی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر کیے بغیر کہا ہے کہ اسرائیل کے لیے اس حملے کو نظر انداز کرنا خاصا مشکل ہو گا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ انہیں ان اطلاعات پر ’گہری تشویش‘ ہے اور اس ’صورتحال کا بغور جائزہ‘ لیا جا رہا ہے۔

زویڈک میری ٹائم کے مطابق اس واقعے کے وقت جہاز پر کوئی کارگو موجود نہیں تھا اور یہ شمالی بحر ہند میں تنزانیہ سے متحدہ عرب امارت کی جانب سفر کر رہا تھا۔