حکمران کرپٹ ہو تو معیشت تباہ ہوجاتی ہے: عمران خان
- سوموار 02 / اگست / 2021
- 5380
وزیراعظم عمران خان نے ملک میں غربت کے خاتمے کے لیے وژن پاکستان پروگرام لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک کا حکمران طبقہ کرپٹ ہو تو وہاں کے معاشی حالات خراب ہوتے ہیں۔
اسلام آباد میں تین روزہ آئی سی ای سی نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نمائش کے اسٹال پر گیا اور وہاں سے مجھے مشورے دیے گئے ہیں۔ انہوں نمائش کے منتظمین سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کی تجویز ہے کہ اسلام آباد کے کنونشن سینٹر کو ایکسپو سینٹر بنایا جائے، یہ ایک اچھی تجویز ہے، اس پر میں اپنے کابینہ اراکین سے مشاورت کروں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وژن پاکستان یہ ہے کہ سب سے پہلے لوگوں کو غربت سے نکالیں کیونکہ 40 فیصد آبادی غربت کا شکار ہے، میرا وژن ہے کہ ان کو کیسے اوپر اٹھایا جائے۔ دوسری بات یہ ہے ہم اپنے ملک کی دولت کیسے بڑھائیں، آج جو ایشین ٹائیگرز ہیں وہ 60 کی دہائی میں پاکستان کی طرف دیکھ رہے تھے اور ہم ان کے لیے ماڈل تھے لیکن ہم نے اس ملک کو نیچے جاتے دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں صلاحیت ہے، اگر صلاحیت نہ ہوتی تو کسی وقت میں اوپر نہ جا رہا ہوتا، اگر بینک قومیائے نہیں جاتے تو ہم بہتری کی طرف جاتے اور اب پاکستان کو واپس وہاں لے جانے کے لیے کیا قدم اٹھانے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہمارا ملک خود دار بنے، ہمیں قرضے لینے پڑتے ہیں، 20 دفعہ آئی ایم ایف کے پاس گئے ہیں پھر ایک چھوٹا سے طبقہ امیر ہوتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آخری بات قانون کی بالادستی ہے، طاقت کی بالادستی کے بجائے انصاف کرکے بڑی سطح پر تبدیلی آئے گی، نیچے سے لوگوں کو اٹھائیں گے اس کے بڑے طریقے ہیں، اس کے لیے احساس پروگرام لے کر آئیں گے جو ترقی پذیر ممالک کے لیے مثال بنے گی، ایسا کام کر رہے ہیں جو پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کم لاگت پر گھر دیا جائے گا اور ان خاندانوں کو مائیکرو فنانس کے ذریعے ہم ان کو پیسے دیں گے۔