پی ٹی آئی کے عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب

  • بدھ 04 / اگست / 2021
  • 4500

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عبدالقیوم نیازی آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔

عبد القیوم نیازی نے آزاد جموں و کشمیر کی نئی بننے والی قانون ساز اسمبلی میں 33 ووٹ حاصل کیے جبکہ مشترکہ اپوزیشن کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 15 ووٹ حاصل کیے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عبدالقیوم نیازی کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیر اعظم نامزد کیا ہے۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ  طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم پاکستان و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نومنتخب ایم ایل اے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے۔ وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

عبدالقیوم نیازی سرحدی علاقے عباس پور، پونچ سے آزاد کشمیر کے قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں۔ وہ پی ٹی آئی کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری بھی ہیں۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ اور ہفتے کو آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے 7 اُمیدواروں کے انٹرویو کیے تھے۔

وزیر اعظم نے ان سے مستقبل کی حکمت عملی، ماحولیات، سیاحت اور قومی اور بین الاقوامی مسائل کے بارے  میں مختلف سوالات کیے تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران نے اس حقیقت پر برہمی کا اظہار کیا تھا کہ ان سے مختلف حلقوں کی طرف سے رابطہ کیا جا رہا ہے جو مخصوص امیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

عبدالقیوم نیازی نے حالیہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں ایل اے 18 کی نشست سے فتح حاصل کی تھی۔ اس سے قبل وزیر اعظم کے انتخاب میں شامل نہیں تھے تاہم ان کا نام اچانک منظر عام پر آیا۔