طالبان نے صوبائی دارالحکومت زرنج پر قبضہ کرلیا، افغان فورسز کی پسپائی

  • ہفتہ 07 / اگست / 2021
  • 3770

ایران کی سرحد کے ساتھ واقع جنوب مشرقی صوبے نمروز کے صوبائی دارالحکومت زرنج پر جمعے کو طالبان نے قبضہ کر لیا ہے۔ اس صوبے کی سرحدیں ایران سے ملتی ہیں۔

صوبے کے نائب گورنر حاجی نبی براہوی نے اس بات کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ طالبان نے شہر کو زیر کر لیا ہے، جب کہ افغان سیکیورٹی فورسز نے صوبہ نمروز کے ضلع دلارام کی جانب پسپائی اختیار کر لی ہے۔ واضح رہے کہ طالبان نے پانچ سال بھی کسی بھی صوبے پر اپنا کنٹرول قائم کیا ہے۔ 2016 میں طالبان کچھ وقت کے لیے صوبہ قندوز کے دارالحکومت پر قابض ہوئے تھے۔ بعد ازاں ان کا قبضہ ختم کرا لیا گیا تھا۔

وائس آف امریکہ کی رپورٹ کے مطابق نمروز کے نائب گورنر حاجی نبی براہوی کا کہنا تھا کہ طالبان نے گورنر کے دفتر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔  انہوں نے تصدیق کی کہ افغان سیکیورٹی فورسز پیچھے ہٹ گئی ہیں۔ حکومتی افواج کی ایک گھنٹے تک طالبان کے ساتھ لڑائی جاری رہی۔ حکومتی افواج کو صرف چہار برجک ضلعے کا کنٹرول حاصل ہے۔ اس وقت طالبان کا صوبے کے پانچ میں سے تین اضلاع پر کنٹرول ہے۔

اس سے قبل موصول ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ افغان طالبان نے پاکستان سے متصل اہم سرحدی گزرگاہ چمن اسپن بولدک کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب طالبان نے دارالحکومت کابل میں افغان میڈیا اینڈ انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر​ کو قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

طالبان کی جانب سے قندھار کے لیے مقرر کیے گئے گورنر حاجی وفا کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مہاجر کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کو پاکستان میں داخلے سے روکنے کے اقدام کے ردِ عمل میں سرحدی گزر گاہ بند کی جا رہی ہے۔ طالبان کے اس اعلان کے بعد جمعے سے اس اہم گزر گاہ کے ذریعے دو طرفہ تجارتی سرگرمیاں اور پیدل آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔