پاکستان نے بیرون ملک مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کی رپورٹ مسترد کردی
- منگل 10 / اگست / 2021
- 5400
پاکستان نے غیر ملکی میڈیا کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ بیرون ملک مقیم مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے برطانوی اخبار دی گارڈین میں شائع ہونے والی رپورٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اپنے شہریوں سمیت کہیں بھی کسی بھی بہانے سے ریاست کے شہریوں کو دھمکی دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ جلاوطن پاکستانی جو فوج پر تنقید کرتے ہیں، انہیں برطانوی حکام نے خبردار کیا تھا کہ انہیں نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان برطانوی سرزمین پر بھی ناپسندیدہ افراد کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ گرڈین کی رپورٹ میں پاکستان میں تعینات سابق برطانوی ہائی کمشنر مارک لیال گرانٹ کے بیان کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ جن کا کہنا تھا کہ اگر غیر قانونی دباؤ ہوا تو قانون نافذ کرنے والے ادارے اور برطانوی حکومت مناسب قانونی اور سفارتی ردِ عمل کے لیے اس کا نوٹس لے گی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ گزشتہ ماہ لندن میں ایک شخص پر نیدر لینڈ میں مقیم سیاسی ایکٹیوسٹ احمد وقاص گورایا کے قتل کی سازش کرنے کا الزام لگا تھا۔ رپورٹ کے مطابق سیاسی تجزیہ کار عائشہ صدیقہ کو میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے 'عثمان انتباہ' موصول ہوا، اس انتباہ کا نام 90 کی دہائی کے اواخر میں ایک کیس کے بعد رکھا گیا تھا۔
یہ انتباہ برطانوی حکام کی جانب سے ان کے لیے جاری کیا جاتا ہے جن کے بارے میں برطانوی حکام کو موت کی دھمکیوں کا شبہ ہوتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ 'بے بنیاد الزامات پاکستان اور اس کے ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی غرض سے پاکستان کے خلاف جاری غلط معلوماتی مہم کا حصہ ہیں'۔ پاکستان ایک فعال سول سوسائٹی، آزاد میڈیا اور آزاد عدلیہ اور ایک پارلیمانی جمہوریت ہے، جو بلا تفریق اپنے تمام شہریوں کے انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی رائے اور اظہار رائے کے حق کے لیے ہماری مضبوط وابستگی کا مظاہرہ ملک میں متعدد میڈیا چینلز اور اخبارات کی موجودگی سے ہوتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک میڈیا ادارے کی جانب سے پاکستان کے خلاف غیر مستند اور غلط بیانی کے فروغ کے لیے پلیٹ فارم کی فراہمی انتہائی افسوسناک ہے۔