معاشی درستی کے بعد اب ہمارا ہدف سرمایہ کاری لانا ہے: عمران خان
- منگل 10 / اگست / 2021
- 5140
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت درست راستے پر آچکی ہے، جس کے بعد حکومت کا ہدف ملک میں سرمایہ کاری لانا ہے۔
کراچی شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم آگے بڑھ رہے تھے لیکن اپنے صلاحیت کے مطابق اپنی منزل نہیں حاصل کرسکے۔ اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ ہم اپنی صلاحیت پر اعتماد کرنے کی بجائے درآمدات پر منحصر معیشت بن گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی قوت نہیں پہچانی۔ انسان میں یہ صلاحیت ہے کہ اپنے بازو سے بوجھ اٹھاتا رہے تو وہ مضبوط ہوگا اگر انہیں استعمال کرنا چھوڑ دیں تو وہ ناکارہ ہوجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اب پھر سے کوشش ہورہی ہے کہ ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہوں۔ پاکستانی معیشت درست راستے پر آچکی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوچکا ہے۔ اب ہمارا ہدف سرمایہ کاری لانا ہے، منی لانڈرنگ روکنی ہے اور جو چیزیں درآمد کرتے ہیں اس کی اپنے ہی ملک میں پیدا کرنا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیراعظم سونمیانی بیچ لسبیلا میں شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کریں گے جہاں وہ پودے لگانے والے کارکنوں اور مقامی لوگوں سے خطاب کریں گے۔
کراچی کے دورے کے دوران وزیر اعظم ایک اجلاس کی صدارت بھی کریں گے جس میں 11 کھرب روپے کے کراچی بحالی منصوبے کا جائزہ لیا جائے گا۔