پی او ایف واہ میں دھماکا، 3 ملازمین جاں بحق

  • جمعرات 12 / اگست / 2021
  • 3560

راولپنڈی کی تحصیل واہ کینٹ کے علاقے لالہ رخ کے قریب زوردار دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 3 ملازمین جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پی او ایف واہ کے ایک پلانٹ میں حادثاتی دھماکا ٹیکنیکل فالٹ کی وجہ سے ہوا۔ دھماکے سے 3 ملازمین جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور جائے وقوع کو کلیئر کردیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پی او ایف کی ٹیکنیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صورت حال پر قابو پالیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق واہ کینٹ کے علاقے لالہ رخ کے قریب ہونے والے دھماکے سے قریبی گھروں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور شہری خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دھماکے سے اب تک 3 افراد جاں بحق اور دیگر 7 زخمی ہوئے اور پاک فوج کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو، فائربریگیڈ اور سیکیورٹی اداروں کی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکا واہ کینٹ فیکٹری کے اندر ایکسپلوزیو سیکشن میں ہوا ہے۔ دھماکے کے بعد راولپنڈی سے واہ فیکٹری کو جانے والے تمام راستے سیل کردیے گئے ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔