امریکہ کا پاکستان کے ساتھ رویہ بدل گیا ہے: عمران خان
- جمعرات 12 / اگست / 2021
- 6920
وزیرِ اعظم عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکہ پاکستان کو صرف اس لیے کارآمد سمجھتا ہے کہ وہ افغانستان سے انخلا کے بعد وہاں پیدا ہونے والی مشکل صورتِ حال سے نمٹنے میں مدد کرے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ میں بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ امریکیوں نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ اب بھارت ان کا اسٹریٹیجک پارٹنر ہے۔ اس لیے امریکہ کا پاکستان کے ساتھ رویہ مختلف ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یہ واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ وہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد پاکستان کے اندر کوئی امریکی فوجی اڈہ نہیں چاہتا۔ واضح رہے کہ امریکہ کا اتحادی ہونے کے باوجود پاکستان پر طالبان کی حمایت کا الزام لگتا رہا ہے۔ تاہم پاکستان ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔
کابل اور کئی مغربی حکومتوں کا کہنا ہے کہ طالبان کے لیے پاکستان کی حمایت نے اس گروپ کو جنگ کو طول دینے میں مدد دی ہے۔ تاہم عمران خان کہتے ہیں پاکستان افغانستان میں کسی فریق کی حمایت نہیں کر رہا۔ ان کے بقول جب طالبان رہنماؤں نے پاکستان کا دورہ کیا تو انہوں نے طالبان کو امن معاہدے پر قائل کرنے کی کوشش کی تھی۔ طالبان رہنماؤں نے انہیں بتایا ہے کہ جب تک صدر اشرف غنی حکومت میں ہیں، وہ افغان حکومت سے مذاکرات نہیں کریں گے۔