داسو حملے کی منصوبہ بندی این ڈی ایس اور را نے افغانستان میں کی تھی: وزیر خارجہ
- جمعرات 12 / اگست / 2021
- 4720
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ پر حملے میں افغانستان اور بھارت کی خفیہ ایجنسیز این ڈی ایس اور را ملوث ہیں۔ یہ عناصر پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری اور معاشی روابط سے پریشان ہیں۔
یاد رہے کہ 14 جولائی کو خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ کے قریب حملے میں 9 انجینئرز، دو فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکاروں سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ داسو واقعے کے بعد پاکستان کے تمام ادارے حرکت میں آئے اور انہوں نے تحقیقات کا فی الفور آغاز کیا۔ چین سے ہمارے تعلقات کی نوعیت کے پیش نظر ہم نے چین کو صورتحال سے باخبر رکھا اور اس کوشش میں کافی حد تک کامیاب بھی رہے۔
چین کو اس واقعے پر تشویش تھی اور وہ موقع کا جائزہ لینا چاہتے تھے جس پر ہم نے ان کو خوش آمدید کہا اور ان کو جائے حادثہ پر لے کر گئے اور ان کو تمام تر پیشرفت سے آگاہ کرتے آئے ہیں۔ اس واقعے کی تحقیقات کے دوران 1400 کلومیٹر طویل راستے پر تمام 36 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا مکمل جائزہ لیا گیا اور ہم اپنی تحقیقات میں اسی کو بنیاد بنا رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ خود کش حملہ تھا اور جہاں یہ واقعہ رونما ہوا وہاں بارودی مواد لے کر جانے والی گاڑی کے ڈرائیور کے انگوٹھے اور انگلی کے ساتھ ساتھ جسم کے اعضا ملے اور ان اعضا اور وہاں سے ملنے والی دیگر اشیا کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
وہاں سے ملنے والے موبائل کے ڈیٹا کے تجزیے کے بعد ہم اس نتیجے میں پر پہنچے یہ ایک بلائنڈ کیس ہے اور اس کو حل کرنا آسان نہیں تھا لیکن یہ مشکل اور پیچیدہ کام ہمارے اداروں نے کامیابی سے کرلیا۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے ایک ہزار سے زائد افراد کی جانچ پڑتال کی گئی، سوالات کیے گئے اور تحقیق میں شامل کیا گیا۔ جو گاڑی اس واقعے میں استعمال کی گئی، اس کو شناخت کر لیا گیا ہے اور اس کی نقل و حرکت کو پکڑ لیا ہے کہ وہ کہاں سے آئی تھی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم واقعے کے ہینڈلرز تک بھی ہم پہنچ گئے ہیں۔ واقعے میں جو گاڑی استعمال کی گئی اسے اسمگل کیا گیا تھا اور تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان لوگوں کا پہلا ہدف داسو پراجیکٹ نہیں تھا بلکہ ان کی پہلی کوشش دیامر بھاشا ڈیم کے مقام پر حملہ کرنے کی تھی لیکن وہاں کامیابی نہ ملنے پر انہوں نے داسو پراجیکٹ کو نشانہ بنایا۔
ہماری تحقیقات کے مطابق اس منصوبے میں افغانستان کی سرزمین کو استعمال کیا گیا۔ اس کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں این ڈی ایس اور را کے گٹھ جوڑ کا تعلق دکھائی دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر اپنے عزائم میں ناکام ہوئے اور جو چاہتے تھے وہ حاصل نہ کر پائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تحقیقات کو اس حد تک لے کر جائیں گے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو ناصرف بے نقاب کیا جائے بلکہ قرار واقعی سزا بھی دی جائے۔ ہم نے اپنے ایسے تمام منصوبوں کی سیکیورٹی کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے سیکیورٹی اقدامات پر نظرثانی کے بعد اسے بہتر کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمارے سی پیک کے تمام منصوبے جاری رہیں گے اور بروقت مکمل کیے جائیں گے۔ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری کسی منصوبہ بندی کا شکار نہیں ہو گی اور جاری رہے گی۔ ہمارے برادرانہ تعلقات پر ایسے منصوبے اثر انداز نہیں ہوں گے اور ہم اپنے تعاون کو مزید توسیع دینے کی کوشش کریں گے۔