ملک میں مزید ہلاکتوں اور تشدد کی اجازت نہیں دوں گا: افغان صدر
- ہفتہ 14 / اگست / 2021
- 4120
افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی اور بڑے شہروں پر ان کے قبضے کے دعوؤں کے بعد افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی تنظیم نو ان کی اولین ترجیح ہے۔
ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں صدر غنی کا کہنا تھا کہ ہم نے اندرون و بیرون ملک وسیع مشاورت شروع کر دی ہے اور نتائج جلد عوام کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک عدم استحکام سے دوچار ہے اور میری کوشش ہوگی کہ ملک کو مزید عدم استحکام، تشدد اور لوگوں کو بے گھر ہونے سے بچایا جائے۔‘
صدر غنی نے کہا کہ میں اس بات کی اجازت نہیں دوں گا کہ افغان شہریوں پر جنگ مسلط کی جائے جس سے ان کی جانیں ضائع ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 20 سال میں جو کچھ حاصل ہوا اسے گنوا دیا جائے، لوگوں کے املاک کو نقصان پہنچایا جائے اور مزید عدم استحکام بڑھے، میں اس کی اجازت نہیں دوں گا۔
افغان صدر کے استعفے کی افواہوں کے برعکس انھوں نے اس ویڈیو پیغام میں ایسی کوئی بات نہیں کی۔ مگر اس پیغام کے دوران ان کے چہرے پر تناؤ دیکھا جاسکتا تھا۔