طالبان کا افغان حکومت اور اتحادی افواج کے ملازمین کیلئے عام معافی کا اعلان

  • اتوار 15 / اگست / 2021
  • 5400

طالبان نے دارالحکومت کابل میں داخلے سے قبل افغان حکومت کے علاوہ اتحادی افواج کے لیے کام کرنے والوں کے لیے عام معافی کا اعلان کیا ہے۔ اعلان میں کہا گیا ہے کہ عوام کے مال و جان کی حفاظت امارات اسلامی افغناستان کی بنیادی ذمے داری ہے۔

طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجاہدین خزانہ، عوامی سہولیات، سرکاری دفاتر اور آلات، پارکس، سڑکوں اور پل وغیرہ پر خاص یہ عوام کی املاک ہیں۔ امارات اسلامی ان تمام افراد کے لیے اپنے دروازے کھولتی ہے جنہوں نے ماضی میں حملہ آوروں کے لیے کام کیا اور ان کی مدد کی یا جو ابھی بھی کرپٹ افغان حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم ان کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہیں اور انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ قوم اور ملک کی خدمت کریں۔

طالبان کے ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں کابل انتظامیہ نے بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کیا ہے کہ امارات اسلامی کے جنگجو لوگوں کو اپنی بیٹیوں سے شادی پر مجبور کررہے ہیں یا مجاہدین سے ان کی بیٹیوں کی شادی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ وہ کبھی کہتے ہیں کہ طالبان عوام اور قیدیوں کو قتل کررہے ہیں لیکن یہ تمام  الزامات بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے مزید ٹوئٹس کرتے ہوئے کہا کہ امارات اسلامی افغانستان، کسی کی نجی املاک (گاڑی، زمین، گھر، مارکیٹوں یا دکانوں) میں دلچسپی نہیں رکھتی بلکہ عوام کے مال و جان کی حفاظت ہماری بنیادی ذمے داری ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انتہائی تیزی سے پیش قدمی کرنے والے طالبان آج افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مضافات میں داخل ہوگئے ہیں۔