خواتین کو اسلامی شریعت کے مطابق حقوق حاصل ہوں گے: ترجمان طالبان
- منگل 17 / اگست / 2021
- 4310
طالبان نے ملک میں اسلامی قوانین کے نفاذ اور خواتین کو تمام شرعی حقوق دینے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہےکہ غیر ملکی سفارتکاروں کو سکیورٹی کی مکمل ضمانت دیتے ہیں۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں پہلی پریس کانفرنس منعقد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی ہمارا حق تھا جسے ہم نے حاصل کرلیا، تاہم کسی سے انتقام نہیں لیا جائے گا، یقین دہانی کراتے ہیں کسی سے کوئی تصادم نہیں ہوگا۔ ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا کہ امارات اسلامی کسی سے انتقام نہیں لے گی۔ افغانستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔ سربراہ کے حکم پر سب کو معاف کر دیا گیا ہے۔ طالبان اندرونی اور بیرونی دشمن نہیں بنانا چاہتے۔ تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل اسلامی حکومت تشکیل دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کابل میں سفارتخانوں کی سیکورٹی بہت اہم ہے، سفارتخانوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ غیر ملکی سفارتکاروں کی سیکورٹی کی یقین دہانی کراتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی نااہلی سے کابل میں سیکورٹی کا مسئلہ پیدا ہوا۔ ہم اقتدار کی منتقلی سے پہلے کابل میں داخل نہیں ہونا چاہتے تھے لیکن کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے کابل میں داخل ہوئے۔ شہر کو لوٹ مار سے بچانے کیلئے کابل میں داخل ہونا پڑا۔
ترجمان نے کہا کہ ہم اپنے مذہب اور ثقافت کے مطابق عمل کریں گے۔ مغربی دنیا کو ہماری اقدار اور ثقافت سے پریشان نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خواتین کے خلاف کوئی امتیازی سلوک نہیں برتا جائے گا۔ افغان خواتین قواعد وضوابط کے مطابق تمام شعبوں میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔