بہاولنگر: ماتمی جلوس میں دھماکے سے 2 افراد جاں بحق، 59 زخمی

  • جمعرات 19 / اگست / 2021
  • 4600

بہاولنگر میں یوم عاشور کے موقع پر نکالے جانے والے ماتمی جلوس میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور59 زخمی ہوگئے۔

پنجاب کے وزیر داخلہ راجا بشارت کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے بہاولنگر کے علاقے مہاجر کالونی کی جامعہ مسجد کے قریب سے گزرنے والے جلوس پر دستی بم پھینکا، حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دھماکے کے تمام زخمیوں کو شہر کے وکٹوریا ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ا دھماکا صبح 10 بجے ہوا، رینجرز کو علاقے میں تعینات کردیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات کی جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان نے محکمہ انسداد دہشت گردی کو آپریشن اور تحقیقات مکمل کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

قبل ازیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں جائے وقوع پر پولیس اور امدادی کارکنان کو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں متعدد زخمی افراد کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جو مدد کے لیے پُکار رہے ہیں۔

مقامی اہل تشیع رہنما خاور شفقت اور سٹی پولیس افسر (سی پی او) محمد ارشد نے دھماکے کی تصدیق کی۔ خاور شفقت نے غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ مہاجر کالونی کے قریب ماتمی جلوس کے دوران دھماکا ہوا۔

ملک بھر کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں جلوسوں کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔