بلوچستان: دہشت گردوں کے حملے میں کیپٹن شہید، 2 جوان زخمی
- اتوار 22 / اگست / 2021
- 6950
صوبہ بلوچستان کے علاقے گچک میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک کیپٹن شہید اور دو جوان زخمی ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے نصب کردہ دھماکا خیز مواد سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں کیپٹن کاشف نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ 2 جوان زخمی ہوگئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ زخمی جوانوں کو طبی امداد کے لیے خضدار کے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گچک بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی سے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور کیپٹن کاشف کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ دہشت گردوں کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں اور ان کو شکست فاش دیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کیپٹن کی شہادت پر دلی رنج اور افسوس کا اظہار کیا۔ ایک ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ قوم مادر وطن کا دفاع کرنے پر مسلح افواج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں پر تشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور رواں برس کے دوران شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے کئی واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔
قبل ازیں گوادر میں چینی شہریوں کو لے جانے والی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق جبکہ ایک چینی شہری سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی مجید بریگیڈ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
ایک علیحدہ بیان میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔