کابل ایئر پورٹ کے باہر سات افغان ہلاک، داعش کے حملے کا بھی خطرہ
- اتوار 22 / اگست / 2021
- 7850
کابل ایئر پورٹ کے باہر بھگدڑ مچنے کے باعث سات افغان باشندے ہلاک ہوئے ہیں۔ کابل میں امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ حکومتی ہدایت کے بغیر ایئر پورٹ کا رُخ نہ کریں۔
یہ انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب کابل ایئر پورٹ پر افغانستان سے نکلنے کے خواش مند شہریوں کا رش ہے اور ایئر پورٹ کے داخلی راستے پر شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ (داعش) کے حملے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق برطانوی وزارتِ دفاع کی جانب سے اتوار کو ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صورتِ حال بہت پیچیدہ ہے تاہم وہ اس پر قابو پانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ ایک امریکی اہل کار نے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا کہ کابل ایئر پورٹ پر حملے کے خطرے کے پیشِ نظر امریکی فوج محفوظ انخلا کے لیے نئی حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔
ایک ممکنہ حل یہ ہے کہ ایئر پورٹ سے باہر مخصوص مقامات پر لوگوں کو جمع کیا جائے اور وہاں سے امریکی فوج سیکیورٹی حصار میں اُنہیں ایئر پورٹ تک لائے۔ ایک امریکی اہل کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر داعش کے حملے کے خطرے سے متعلق مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ خطرات سنجیدہ نوعیت کے ہیں۔
امریکی حکام مقامی طالبان رہنماؤں سے بھی اس بابت بات کر رہے ہیں تاکہ ایئر پورٹ کے قریب طالبان کی چوکیوں سے لوگوں کی آمدورفت آسان بنائی جائے۔ ہفتے کو امریکی حکام کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 3800 افراد کا کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے انخلا کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس نے ہفتے کو تصدیق کی تھی کہ 14 اگست سے لے کر اب تک مجموعی طور پر 17 ہزار افراد کو افغانستان سے نکالا جا چکا ہے جن میں امریکی شہری اور امریکی فوج کے لیے کام کرنے والے افراد شامل ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق جولائی کے آخر سے لے کر اب تک 22 ہزار افراد کو کابل ایئر پورٹ سے منتقل کیا چکا ہے۔
امریکہ نے کابل سے اپنے سفارتی عملے، شہریوں اور امریکی فوج کے لیے خدمات سر انجام دینے والے افغان شہریوں کو ملک سے نکالنے کے لیے ہنگامی طور پر مزید فوج تعینات کر رکھی ہے۔ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ امریکی شہریوں اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر امریکہ کے ساتھ کام کرنے والے افغان شہریوں کے انخلا تک امریکہ افغانستان میں اپنی فوجی موجودگی برقرار رکھے گا۔
وائٹ ہاؤس میں نائب صدر کاملا ہیرس اور وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں بائیڈن نے کہا تھا کہ جو بھی امریکی وطن واپس آنا چاہتا ہے ہم اسے واپس لائیں گے اور کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ یہ بہت خطرناک ہے۔ اس میں ہماری فوج کے لیے خطرات ہیں کیوں کہ یہ انخلا بہت مشکل حالات میں کیا جا رہا ہے۔
کابل ایئر پورٹ پر افراتفری اور کنفیوژن کے باوجود صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ کابل ایئر پورٹ کا مکمل کنٹرول اس وقت امریکی فوج کے پاس ہے جس کے ذریعے ہزاروں افراد کو یہاں سے منتقل کیا جا رہا ہے۔