کابل ایئرپورٹ پر فائرنگ سے افغان اہلکار ہلاک، صورتِ حال کشیدہ
- سوموار 23 / اگست / 2021
- 3620
افغان دارالحکومت کابل کے ہوائی اڈے پر مقامی سیکیورٹی فورسز اور نامعلوم حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں افغان فوج کا ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق جرمن ملٹری نے بتایا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ کابل ایئرپورٹ کے شمالی دروازے پر پیر کی صبح پیش آیا۔ جرمن ملٹری کے مطابق نامعلوم افراد کے حملے کے بعد امریکی اور جرمن فوج کے اہلکاروں نے بھی مقامی سیکیورٹی فورسز کی معاونت کی اور جوابی کارروائی میں حصہ لیا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے میں غیر ملکی افواج کے کسی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔
فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کابل ایئرپورٹ کے شمالی دروازے پر فائرنگ کرنے والے کون تھے اور ان کا مقصد کیا تھا۔ واضح رہے کہ کابل ایئرپورٹ کے باہر سیکیورٹی کے لیے طالبان کے جنگجو تعینات ہیں۔ لیکن پیر کی صبح پیش آنے والے واقعے کے دوران طالبان کے جنگجوؤں نے غیر ملکی افواج پر کوئی فائرنگ نہیں کی۔
کابل ایئرپورٹ کے باہر پیش آنے والا واقعہ ایسے موقع پر رپورٹ ہوا ہے جب گزشتہ روز ہی امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ افغانستان سے انخلا کے عمل کے دوران عالمی دہشت گرد تنظیم داعش ایک بڑا خطرہ ہے۔ کابل میں موجود امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ داعش کے خطرے کے پیشِ نظر کابل ایئرپورٹ کی جانب سفر سے گریز کریں۔
کابل ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش میں اتوار کو ہنگامہ آرائی کے واقعات سامنے آئے تھے جس میں سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ پندرہ اگست کو طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد سے اب تک ہزاروں افغان شہری ملک چھوڑ چکے ہیں اور ہزاروں اب بھی ملک چھوڑںے کے خواہش مند ہیں۔