افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے وزیر خارجہ 4 ملکی دورے پر روانہ ہوگئے

  • بدھ 25 / اگست / 2021
  • 6740

افغانستان میں ایک جامع سیاسی تصفیے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ایران کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران افغانستان کی تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر شیئر کریں گے۔

پاکستان کا خیال ہے کہ پڑوسی ممالک کا افغانستان اور خطے کے امن، سلامتی اور استحکام میں حصہ ہے، مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور امن، سلامتی، استحکام اور علاقائی رابطے کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے پڑوسیوں کے ساتھ قریبی رابطہ کرنا ضروری ہے۔ یہ دورہ ایک مربوط علاقائی نقطہ نظر کو فروغ دینے، وسطی اور مغربی ایشیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چار ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچے ہیں، جہاں وہ تاجک قیادت سے افغانستان میں رونما ہونے والی سیاسی صورتحال اور اس کے مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔

گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا تھا کہ وہ افغانستان کی تعمیر نو اور وہاں کے لوگوں کی معاشی بحالی کے لیے موثر اقدامات کرے۔