رمیز راجا کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنا دیا گیا
- جمعرات 26 / اگست / 2021
- 6440
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ اوپنر اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اگلے چیئرمین کا عہدہ سنبھالیں گے۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے رمیز راجا کو فون کر کے ان کی تعیناتی کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔ رمیز راجا نے بطور چیئرمین پی سی تقرر کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کی جانب سے جلد رمیز راجا کی گورننگ بورڈ میں تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا اور کچھ روز بعد پی سی بی میں الیکشنز ہوں گے، جس میں انہیں باضابطہ طور پر چیئرمین منتخب کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے یہ اطلاعات زیر گردش تھیں کہ موجودہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے عہدے کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی اور ان کی جگہ یہ عہدہ رمیز راجا کو دیا جائے گا۔ ان قیاس آرائیوں میں اس وقت تیزی آئی جب 23 اگست کو وزیر اعظم عمران خان نے احسان مانی اور رمیز راجا سے ملاقات کی تھی۔
یاد رہے کہ احسان مانی کے عہدے کی 3 سالہ مدت گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ احسان مانی کو 3 سال قبل وزیر اعظم عمران خان نے پی سی بی کے بورڈ آف گورنر کا رکن تعینات کیا تھا اور نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کے بعد وہ ستمبر 2018 میں چیئرمین پی سی بی منتخب ہوئے تھے۔