پاکستان چاہتا ہے امریکہ طالبان سے سفارتی رابطوں کا کوئی طریقہ وضع کرے: معید یوسف

  • جمعہ 27 / اگست / 2021
  • 5560

وزیرِ اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے مفاد میں ہے کہ باہمی تعلقات میں ماضی کے مسائل کو نظر انداز کر کے کام کریں۔

معید یوسف نے امریکہ کے اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ افغانستان میں مل کر کام کرنے میں ہی امریکہ اور پاکستان کا مفاد ہے۔ اس کے لیے یہ ضروری ہے کہ واشنگٹن اور اسلام آباد باہمی تعلقات کو بہتر کریں۔ معید یوسف نے یہ بات ایک ایسے وقت میں کہی ہے جب افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا 31 اگست تک مکمل ہونا ہے۔ دوسری جانب افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد بھی صورتِ حال غیر یقینی ہے۔

انٹرویو میں قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ افغانستان میں عدم استحکام کے نتیجے میں پاکستان میں مزید دہشت گردی، مہاجرین کی آمد اور اقتصادی مسائل بڑھ سکتے ہیں۔ پاکستان جیسے بڑے اور اہم ملک کو دور رکھ کر کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟ پاکستان پر افغانستان میں طالبان کی حمایت کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔ اسلام آباد میں حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ میں 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد پاکستان کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد انتہا پسندی کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہوئی ہے۔

افغانستان کے امور کے ماہر احمد رشید کہتے ہیں کہ پاکستان کو اس وقت مغربی ممالک کی بہت سخت ضرورت ہے۔ پاکستان کے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے قرضوں کے حصول اور سرمایہ کاری کی ضمانت بھی یہی ممالک دے سکتے ہیں۔

انٹرویو میں ​معید یوسف کا کہنا تھا کہ امریکہ میں 2001 کے حملوں سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں تھا۔ اس کے باوجود پاکستان کو شدید ردِ عمل کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں ملکوں میں سے کوئی بھی دوسرے کے بغیر پیش رفت نہیں کر سکتا۔

بین الاقوامی برداری طالبان پر زور دے رہی ہے کہ وہ خواتین سمیت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انسانی حقوق کا احترام کریں بصورت دیگر طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ معید یوسف کہتے ہیں کہ پاکستان یہ چاہتا ہے کہ امریکہ افغانستان میں سفارتی اور اقتصادی ترقی کے لیے سرگرمیوں مں اضافہ کرے اور طالبان کے ساتھ سفارتی رابطوں کا کوئی طریقہ وضع کرے۔

افغانستان کے نئے حکمرانوں کو سزا دینے کے لیے افغانستان کو الگ تھلگ نہیں کرنا چاہیے۔ تجزیہ کار احمد رشید کہتے ہیں کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان رابطے ہیں مگر ابھی امریکی کانگریس میں بعض حلقوں میں یہ ناراضگی ہے کہ پاکستان نے طالبان کی بہت مدد کی اور پاکستان کو اس پالیسی پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔

پاکستان کو طالبان کو بھی سمجھانا چاہیے کہ جب تک اپنی پالیسی کو نرم نہیں کریں گے تو صرف ایک دو ملک ان کی حکومت تسلیم کر سکتے ہیں لیکن یہ کافی نہیں ہے اور پاکستان کو بھی اس سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

اس دوران پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں قیامِ امن اور استحکام، مشترکہ کوششوں اور باہمی اشتراک کے لیے خطے کے چار ممالک کا دورہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے ​تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ایران کے دورے کے دوران ان ممالک کے وزرائے خارجہ سے افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتِ حال اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے نقطۂ نظر سے آگاہ کیا۔