پاکستان کے 27 شہروں میں کورونا پابندیوں کا اطلاق

  • اتوار 29 / اگست / 2021
  • 3680

کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے سبب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے وبا کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے کورونا پابندیوں کا دائرہ کار 27 شہروں تک بڑھا دیا ہے۔

قبل ازیں یہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) 13 شہروں میں نافذ تھے۔ ان27 شہروں میں اسلام آباد، پنجاب کے 11 شہر بشمول خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، بہاولپور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی، لاہور، اور رحیم یار خان، سندھ میں حیدر آباد اور کراچی، آزاد کشمیر میں مظفر آباد اور میرپور، گلگت بلتستان میں گلگت اور اسکردو جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور، سوات، ہری پور، مانسہرہ، لوئر دیر، صوابی، ایبٹ آباد، سوات، اور چترال زیریں شامل ہیں۔

ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 93 ہزار 504 تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 909 کیسز اور 69 اموات رپورٹ ہوئیں۔

کورونا پابندیوں کے دوران تمام تجارتی سرگرمیاں رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی۔ ہفتے میں 2 دن تمام مارکیٹس بند رہیں گی، دنوں کا تعین صوبوں کی صوابدید رہے گا۔ ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت رات 10 بجے تک ہوگی۔ البتہ ٹیک اوے کی سروس 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔

اِن ڈور شادیوں کی تقریبات پر مکمل پابندی، 300 مہمانوں کے ساتھ آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات کی اجازت ہوگی اور آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات کے اوقات رات 10 بجے تک برقرار رہیں گے۔ مزارت پر زائرین کی آمد کے علاوہ سینما گھروں پر بھی پابندی جاری رہے گی۔

این سی او سی کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سینٹر اپنی نافذ کردہ ایس او پیز پر 13 ستمبر کو نظر ثانی کرے گا۔