امریکی حملے پر طالبان کا احتجاج، فضائی حملہ میں دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی تباہ

  • سوموار 30 / اگست / 2021
  • 4780

افغان طالبان نے کابل ایئرپورٹ کے قریب امریکی فضائی کارروائی کو اسے بغیر اجازت دوسرے ملک پر حملہ قرار دیا ہے۔ امریکہ نے ایک کار کو فضائی حملہ میں تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس پ رمبینہ طور سے دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔

چین کے سرکاری ٹی وی 'سی جی ٹی این' سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اگر امریکہ کو کسی حملے کا خطرہ تھا تو اُنہیں پہلے ہمیں آگاہ کرنا چاہیے تھا۔ اس امریکی حملے میں سات عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ لہذٰا امریکہ کی یہ کارروائی غیر قانونی اور دوسرے ملک میں مداخلت کے مترادف ہے۔

امریکی فوج نے اتوار کی صبح ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے کابل ایئرپورٹ کے لیے خطرہ بننے والی داعش خراسان کی ایک گاڑی کو افغان دارالحکومت میں نشانہ بنایا ہے۔ بعدازاں امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان بل اربن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم فضائی کارروائی میں عام شہریوں کی ہلاکت سے متعلق آگاہ ہیں۔