مقبوضہ کشمیر کے سینئر حریت رہنما سیّد علی گیلانی انتقال کر گئے

  • بدھ 01 / ستمبر / 2021
  • 8600

مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما سید علی گیلانی  انتقال کرگئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس  کے مطابق 92 سالہ حریت رہنما کے انتقال کی تصدیق ان کے خاندان نے کی ہے۔ وہ گزشتہ چند سالوں سے گھر پر نظربند تھے۔

29ستمبر 1929 کو پیدا ہونے والے سید علی گیلانی مقبوضہ کشمیر پر 72 سال سے جاری بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کی توانا آواز تھے ۔اوریئنٹل کالج پنجاب یونیورسٹی کے گریجویٹ بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کا آغاز جماعت اسلامی کشمیر کے پلیٹ فارم سے کیا تھا۔علی شاہ گیلانی مقبوضہ کشمیر کے سیاسی رہنما کا تعلق ضلع بارہ مولہ کے قصبے سوپور سے ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے حامی تھے۔

بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے رکن رہے ہیں جبکہ انہوں نے جدوجہد آزادی کے لیے ایک الگ جماعت  ’تحریک حریت‘ بھی بنارکھی ہے جو کل جماعتی حریت کانفرنس کا حصہ ہے۔  حریت رہنما سید علی گیلانی معروف عالمی مسلم فورم رابطہ عالم اسلامی کے رکن  تھے۔ حریت رہنما یہ رکنیت حاصل کرنے والے پہلے کشمیری حریت رہنماتھے۔ ان سے قبل سید ابو الاعلی مودودی اور سید ابو الحسن علی ندوی جیسی شخصیات برصغیر سے  رابطہ عالم اسلامی فورم کی رکن رہ چکی ہیں۔

مجاہد آزادی ہونے کے ساتھ ساتھ وہ علم و ادب سے شغف رکھنے والی شخصیت بھی  تھے اور علامہ اقبال کے بہت بڑے مداح تھے۔ وہ اپنے دور اسیری کی یادداشتیں ایک کتاب کی صورت میں تحریر کرچکے ہیں جس کا نام  ’روداد قفس ‘ ہے۔   انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ بھارتی جیلوں میں گزارا۔