افغانستان کو کسی بھی انسانی بحران سے بچایا جائے گا: برطانوی وزیر خارجہ

  • جمعرات 02 / ستمبر / 2021
  • 4680

برطانیہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی انسانی امداد جاری رہے گی اور ملک کو انسانی بحران سے بچایا جائے گا۔ انہوں نے دوحہ میں قطر کے حکام سے ملاقات کی ہے۔

برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈومینک راب نے بتایا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور قطر کے وزیراعظم سے ملاقات میں چار اہم نکات پر بات کی گئی ہے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ افغانستان کو دوبارہ دہشتگردوں کا گڑھ نہ بننے دیا جائے۔ افغانستان کو کسی بھی انسانی بحران سے بچایا جائے گا اور اسی لیے ہم نے اس برس افغانستان کے لیے امداد دوگنی کر دی ہے۔ خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جائے گا۔ طالبان کے وعدوں کو جانچا جائے گا۔

قطری ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اس کا بہت احتیاط سے جائزہ لیں گے کہ انسانی حقوق کے شعبے میں اور خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ کیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ برطانیہ کی حکومت مستقبل قریب میں طالبان کو تسلیم نہیں کرے گی۔

دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ کو اب اس نئی حقیقت سے ہم آہنگ ہونا ہو گا۔  طالبان پر معتدل اثرورسوخ ڈالنے کے لیے ایک گروپ بنانے کی ضرورت ہے۔

بہت سے ممالک ایسے ہیں جو افغانستان کی صورتحال سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں جبکہ بہت سے ملک ایسے بھی ہیں جو انسانی خطرے اور حالت زار سے متاثر ہوں گے۔

اس دوران افغانستان کے شہر ہرات میں تقریباً 50 خواتین اپنے کام کرنے کے حق کے لیے اور نئی حکومت میں خواتین کی عدم شمولیت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں۔ اے ایف پی کے ایک صحافی کے مطابق خواتین نے احتجاج کے دوران ’تعلیم، کام اور سکیورٹی ہمارا حق ہے، ہم خوفزدہ نہیں، ہم متحد ہیں‘ کے نعرے لگائے۔

اس احتجاج کی ایک آرگنائزر خاتون نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ چاہتی ہیں کہ طالبان خواتین کو نئی کابینہ میں شامل کریں۔ ہم چاہتے ہیں کہ طالبان ہمارے ساتھ مشاورت کریں۔ ہمیں ان کی میٹنگز اور اجتماعات میں کوئی خاتون نظر نہیں آئیں۔