بلوچستان کے پہلے وزیر اعلیٰ سردار عطا اللّٰہ مینگل انتقال کرگئے
- جمعرات 02 / ستمبر / 2021
- 5690
بلوچستان کے پہلے وزیر اعلیٰ سردار عطا اللّٰہ مینگل 93 برس کی عمر میں کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ عطا اللّٰہ مینگل ایک ہفتے سے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ خیال رہے کہ عطااللّٰہ مینگل بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اختر مینگل کے والد تھے۔
ان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عطا اللّٰہ مینگل کی تدفین آبائی علاقے وڈ ضلع خضدار میں کی جائے گی۔ سردار عطا اللّٰہ مینگل 1929 میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنا بچپن لسبیلہ میں گزارا جبکہ اس کے بعد وہ کراچی منتقل ہوگئے۔
انہیں 25 سال کی عمر میں مینگل قبیلے کا سردار مقرر کیا گیا۔ سردار عطا اللّٰہ مینگل نے 1970 کے پہلے الیکشن میں نیشنل عوامی پارٹی (این اے پی) کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا تھا۔
یکم مئی کو بلوچستان کے پہلے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ سردار عطا اللّٰہ مینگل بلوچستان کے سینئر سیاسی رہنما تھے۔