شہباز شریف اور بلاول بھٹو کا ٹیلی فونک رابطہ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
- ہفتہ 04 / ستمبر / 2021
- 3910
شہباز شریف اور بلاول بھٹو میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہےجس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس سے معلوم ہوتا ہے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی میں برف پگھلنے لگی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کو ٹیلیفون کر کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نئے اراکین کے ناموں پر مشاورت کی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق الیکشن کمیشن کے پنجاب اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے دو نئے اراکین کی تقرری کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹیلی فون کیا۔
دونوں رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور دونوں رہنماؤں میں اتفاق رائے ہوا کہ اس آئینی معاملے پر اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی قیادت مشاورت کے ساتھ آگے بڑھے گی۔