ایف سی کی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 4 اہلکار شہید

  • اتوار 05 / ستمبر / 2021
  • 5260

کوئٹہ مستونگ قومی شاہراہ پر سونا خان تھانے کی حدود میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چیک پوسٹ کے قریب خود کش حملے کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔

کوئٹہ پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خود کش بمبار 6 کلو دھماکا خیز مواد کے ساتھ ایف سی کے قافلے سے جا ٹکرایا۔ دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد شہید جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔

زخمیوں میں 18 سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جبکہ 2 راہگیر شامل ہیں۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان محمد خراسانی نے ایک بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خود کش حملے میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کیے اور تفتیش کا آغاز کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ کی مستونگ روڈ پر ایف سی کی چیک پوسٹ پر کالعدم ٹی ٹی پی کے خود کش حملے کی مذمت کی۔ ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم نے شہدا کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنا کر ہمیں محفوظ رکھنے کے لیے ہماری سیکورٹی فورسز اور ان کی قربانیوں کو سلام ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حملے میں ایف سی اہلکاروں کی شہادت کا سن کر افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ‘مادر وطن کے دفاع میں قربانیاں دینے والی مسلح افواج کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں’۔